پارٹی انحراف معاملہ میں رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کو اسپیکر اسمبلی کی نوٹس

تلنگانہ میں ارکانِ اسمبلی کی پارٹی انحراف سے متعلق معاملے میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ان الزامات کا سامنا کر رہے خیرت آباد کے رکنِ اسمبلی دانم ناگیندر کو اسمبلی اسپیکر گڈم پرساد کمار نے تازہ نوٹس جاری کیے ہیں
۔ اسی کے ساتھ دانم ناگیندر کے خلاف نااہلی کی درخواست داخل کرنے والے بی آر ایس کے رکنِ اسمبلی کوشک ریڈی کو بھی اسپیکر کی جانب سے نوٹس دیے گئے ہیں۔اسپیکر کی جانب سے علیحدہ علیحدہ جاری کردہ نوٹس میں دونوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 30 جنوری کو سماعت کے لیے حاضر ہوں
۔واضح رہے کہ مجموعی طور پر 10 ارکانِ اسمبلی کے خلاف نااہلی سے متعلق شکایات موصول ہوئی تھیں، جن میں ار کے پوڈی گاندھی، مہپال ریڈی، کرشنا موہن، پرکاش گوڑ، وینکٹ راؤ، پی سرینواس ریڈی اور کالے یادیا شامل ہیں۔ اسپیکر نے ان تمام کو کلین چٹ دیتے ہوئے بی آر ایس کے ارکانِ اسمبلی کے طور پر تسلیم کیا ہے۔
تاہم دانم ناگیندر، کڑیم سری ہری اور ڈاکٹر سنجے سے متعلق معاملات پر اسپیکر کی جانب سے تاحال سماعت نہیں کی گئی ہے۔



