حیدرآباد۔وجے واڑہ نیشنل ہائی وے کی ہوٹلوں پر ٹی جی سیف کے دھاوے۔ کچن میں چوہوں اور جھینگر پائے گئے

حیدرآباد: ٹی جی سیف کے حکام نے حیدرآباد۔وجے واڑہ ہائی وے پر واقع ہوٹلوں کی تلاشی لی اس دوران کھانے پینے کی اشیاء کی صفائی اور معیار سے متعلق سنگین خامیاں سامنے آئیں۔
حکام نے کوئلہ گوڑم سے کوداڑ تک واقع ہوٹلوں کا معائنہ کیا۔حکام کے مطابق متعدد ہوٹلوں میں جگہ جگہ لاپروائی پائی گئی۔ کھانے پینے کی اشیاء ذخیرہ کرنے والے کمروں اور کچن میں چوہوں اور جھینگروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔
کچھ ہوٹلوں میں استعمال ہونے والی دالوں اور دیگر غذائی اشیاء میں کیڑے پڑے ہوئے تھے۔ حکام نے بتایا کہ بعض ہوٹلوں میں قواعد کے برخلاف ایک دن پہلے تیار کیا گیا کھانا محفوظ کرکے اگلے دن گاہکوں کو پیش کیا جارہا تھا۔حکام کے مطابق بعض ہوٹلوں میں گوشت اور دودھ سے بنی اشیاء کو ذخیرہ کرنے کے لیے ضروری درجۂ حرارت کے اصولوں پر عمل نہیں کیا جارہا تھا۔
اس کے علاوہ بعض ہوٹل مبینہ طور پر میعاد ختم ہونے والے لائسنس کے ساتھ چلائے جارہے تھے جسے عوام کی صحت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا گیا۔قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور متعدد ہوٹلوں کو مہر بند کردیا گیا ہے۔



