فائنل ووٹر لسٹ میں نام شامل کروانے تلنگانہ کے عوام کو ایک اور موقع

حیدرآباد: فہرست راے دہندگان پر جامع نظر ثانی کے تحت حتمی ووٹر فہرست میں اپنا نام شامل کروانے کے لیے الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کے شہریوں کو ایک اور موقع فراہم کیا ہے۔
کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اس مقصد کے لیے ریاست کے ہر پولنگ اسٹیشن پر رواں ماہ کی 15 اور 16 تاریخ کو خصوصی کیمپ منعقد کیے جائیں گے۔ان کیمپس میں اہل شہری نئے ووٹر کے طور پر بھی اپنا اندراج کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈرافٹ ووٹر فہرست کی اشاعت کے دوران اے ایس ڈی ڈی زمرے کے تحت حذف کیے گئے 73 لاکھ ووٹروں کو بھی اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔اگر کسی ووٹر کا نام غلطی سے حذف شدہ فہرست میں شامل ہوگیا ہے
تو وہ ان خصوصی کیمپوں میں فارم 6 جمع کرا کے دوبارہ اپنا نام ووٹر فہرست میں درج کروا سکتا ہے۔دراصل خصوصی جامع نظرثانی کے تحت شکایات اور اعتراضات درج کرانے کے دوران فارم 6 کے ذریعے درخواست دینے کی سہولت ابتدائی طور پر گزشتہ 17 اگست سے رواں ماہ کی 7 تاریخ تک فراہم کی گئی تھی۔
یہ مدت ختم ہونے کے بعد حتمی ووٹر فہرست میں نام شامل کرانے کا موقع ختم ہوگیا تھا۔تاہم اب مرکزی الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر رعایت دیتے ہوئے 15 اور 16 تاریخ کو فارم 6 جمع کروانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اس اقدام سے اہل شہریوں کو ووٹر فہرست میں
اپنا نام شامل کرانے یا حذف شدہ نام دوبارہ درج کرانے میں مدد ملے گی۔




