نارائن پیٹ ضلع میں طوفانی بارش، بجلیاں گرنے کے واقعات 2 افراد ہلاک

نارائن پیٹ۔ ریاست تلنگانہ نارائن پیٹ ضلع کے مختلف منڈلوں میں شدید بارش اور تیز آندھی نے تباہی مچادی۔ مکتھل منڈل کے اُپرپلی گاؤں میں آنجنیولو نامی کسانبجلی گرنے سے ہلاک ہوگیا جب کہ اس کا بھائی شدید زخمی بتایا گیا ہے جسے فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا۔
اسی طرح دادنا پلی کا رہنے والا کرومورتی بکریاں چروا رہا تھا کہ بجلی کی زد میں آکر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ مکتھل کے گارل پلی اور ماگنور علاقوں میں بجلی گرنے کے واقعات میں کئی مویشی ہلاک ہو گئے۔ تیز آندھی کے سبب درخت جڑوں سے اُکھڑ کر سڑکوں پر آگرے جس کی وجہ سے آمد و رفت میں رکاوٹ پیش آئی۔
بارش کے نتیجہ میں نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جب کہ کسانوں نے اپنی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دھان کی تیار فصل زمین پر گر گئی ہے اور خریداری مراکز میں رکھا ہوا سارا اناج بھی بھیگ چکا ہے۔