تلنگانہ میں اقلیتوں کے لئے دو نئی اسکیموں کا آغاز – وزیر اقلیتی بہبود لکشمن کمار کے ہاتھوں افتتاح

تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے دو نئی اسکیموں کا اعلان کیا ہے ۔ جمعہ کے روز سکریٹریٹ میں وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کمار نے دو نئی اسکیموں کا آغاز کیا۔ اس موقع پر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے چیئرمین عبیداللہ کوتوال ؛ چیئرمین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی اور دیگر موجود تھے
ان اسکیموں کے نام ’ اندراماں مائناریٹی مہیلا یوجنا‘ اور ’ریونت انّا کا سہارا‘ رکھے گئے ہیں، جن کے لیے آن لائن رجسٹریشن پورٹل بھی قائم کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ ان دو اسکیموں کے لئے آن لائن درخواست فارم داخل کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے 6 اکتوبر درخواست فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ. ہے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ دونوں اسکیمیں اقلیتی برادری کے معیارِ زندگی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
’اندراماں یوجنا‘ کے تحت بیوہ خواتین، طلاق یافتہ، یتیم اور غیر شادی شدہ خواتین کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ چھوٹے کاروبار شروع کر کے خود کفیل بن سکیں۔ اسی طرح ’ریونت انّا کا سہارا‘ اسکیم کے تحت فقیروں اور دُدیکلا برادری کے افراد کو ایک لاکھ روپے مالیت کے موپیڈ گاڑیاں دی جائیں گی تاکہ ان کی معاشی حالت مضبوط ہو۔
وزیر نے بتایا کہ ان دونوں اسکیموں کے لئے حکومت نے 30 کروڑ روپے مختص کئے ہیں، جو اقلیتوں کی ترقی کے تئیں حکومت کے عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت صرف سبسڈی دینے تک محدود نہیں بلکہ اقلیتوں کو باعزت روزگار اور خود روزگاری کی طرف گامزن کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔