مسجد میں داخل ہوکر امام صاحب کو دھمکی دینے والے دو نوجوان گرفتار _ تلنگانہ کے بھینسہ کے کمسرا میں شرانگیزی کا واقعہ؛ ایڈیشنل ایس پی کی پریس کانفرنس

موضع کمسرا جامع مسجد میں پیش امام کے ساتھ ہندو نوجوانوں کی شرپسندی ، مسلمانوں میں شدید غصہ۔۔۔
دو ہندو خاطی گرفتار نئے قانون کے تحت مقدمہ درج بھینسہ ایڈیشنل ایس پی اویناش کمار کی پریس کانفرنس۔۔۔
بھینسہ 4/جولائی (اردولیکس) تلنگانہ کے بھینسہ ڈیویژن میں وقفہ وقفہ سے فرقہ پرست عناصر پرامن فضا کو مکدر کرنے کی کوشش میں مصروف ہے جس کی وجہ سے مسلمانوں میں بے چینی اور غم و غصہ کا ماحول پایا جارہا ہے تفصیلات کے بموجب بھینسہ منڈل کے موضع کمسرا جامع مسجد میں گذشتہ رات نماز عشا کے لیے اذان دینے اور نماز عشا کے وقت کا انتظار کررہے پیش امام عبدالعزیز کو دو ہندو نوجوانوں نوین ریڈی اور نتیس ریڈی جو موضع کامل کے بتائے گئے ہیں
کمسرا جامع مسجد میں داخل ہوکر پیش امام عبدالعزیز سے بدکلامی و بدتمیزی کرتے ہوئے اذان نہ دینے اور نماز ادا نہ کرنے کی دھمکی دیکر گلہ (گریبان) پکڑ کر زد و کوب کرنے کی کوشش کی اس ہنگامہ آرائی کے دوران موضع کمسرا کے مسلمان جمع ہوگئے اور اس واقعہ کی اطلاع محمد جابر احمد نائب صدرنشین بلدیہ بھینسہ و ضلعی صدر مجلس کو دی جس پر فوراً محمد جابر احمد نے ضلع نرمل ایس پی جانکی شرمیلا اور بھینسہ ایڈیشنل ایس پی اویناش کمار آئی پی ایس کو دیتے ہوئے تمام حالات سے واقف کروایا اور شرپسندوں کو گرفتار کرتے ہوئے سخت سے سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا
جس پر پولیس کے اعلی عہدیداروں نے بھینسہ رورل سرکل انسپکٹر نائیلو اور سب انسپکٹر آف پولیس سریکانت کو پولیس جمعیت کے ہمراہ موضع کمسرا روانہ کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کیا جبکہ اس واقعہ پر بھینسہ شہر کے علاوہ ڈیویژن کے مسلمانوں میں زبردست غم و غصہ کی لہر پیدا ہوگئی لیکن مسلمانوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا رات کے اوقات میں بھینسہ ایڈیشنل ایس پی اویناش کمار آئی پی ایس نے بھی موضع کمسرا کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا اور موضع میں پولیس پٹرولنگ کے علاوہ پولیس پیکٹس کو تعینات کیا گیا ہے
جبکہ کمسرا جامع مسجد پیش امام عبدالعزیز نے بھینسہ رورل پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی بھینسہ رورل پولیس نے رات دیر گئے شرپسندوں کو گرفتار کرلیا اس واقعہ سے متعلق بھینسہ پولیس اسٹیشن میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی اویناش کمار نے میڈیا کو بتایا کہ گذشتہ رات 3/جولائی کو پیش آئے واقعہ میں تقریبا 27 سالہ دو نوجوان نوین ریڈی اور نتیش ریڈی کو گرفتار کرلیا گیا ہے
اور ضلع نرمل ایس پی جانکی شرمیلا کی ہدایت پر نئے قانون (BNS) بی این ایس کے تحت کرائم نمبر 100/2024 کے ذریعہ مختلف دفعات (2) 115 ، (2) 351 ، 299 ، (2) 196، (4) 329 اور (5) r/w3 عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کرکے چودہ دنوں کے لیے جوڈیشل ریمانڈ منتقل کردیا گیا ہے اس موقع پر بھینسہ ٹاؤن سرکل انسپکٹر راجہ ریڈی ، رورل سرکل انسپکٹر نائیلو ، رورل سب انسپکٹر سریکانت و دیگر موجود تھے۔