اُردوکمپیوٹر ٹریننگ کورسس کا آغاز عمل میں لانے وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کا اعلان – اساتذہ میں ایوارڈس کی تقسیم

حکومت تلنگانہ اقلیتوں کی فلاح وبہبود اور اُردو کی ترقی و ترویج کیلئے ممکنہ اقدامات روبہ عمل لارہی ہے
اقلیتی طلباء کیلئے اُردوکمپیوٹر ٹریننگ کورسس کا آغاز عمل میں لایا جائیگا۔ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کا خطاب
تلنگانہ اُردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست کے 173 اساتذہ میں متحدہ ضلع نظام آبادکے19 اساتذہ کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ س سے نوازا گیا
نظام آباد:19 /اگست(اردو ) حکومت تلنگانہ اقلیتوں کی فلاح وبہبود اور اُردو زبان کی ترقی و ترویج کیلئے ریاست بھر میں اُردو میڈیم اسکولوں میں اُردو ودیا والینٹرس کے تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی ریاستی وزیراقلیتی بہبود اڈلوری لکشمن کمار نے آج تلنگانہ اُردو اکیڈیمی کی جانب سے بیسٹ اُردو ایوارڈس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آج حیدرآباد میں بھارتیہ ودیا بھون بشیر باغ کنگ کوٹھی روڈ پر ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 173 اساتذہ کو بیسٹ اُردو ٹیچر س ایوارڈس سے نوازا گیا۔
اس تقریب کی صدارت ریاستی صدرنشین تلنگانہ اُردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان نے کی۔مہمان اعزازی رکن کونسل مرزا رحمت بیگ، ریاستی چیرمین اقلیتی کمیشن طارق انصاری، چیئرمین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، چیئرمین ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن محمد عبید اللہ کوتوال، سکریٹری اور کمشنر اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ،ڈائرکٹر/سکریٹری تلنگانہ اردو اکیڈیمی سجاد علی، اسسٹنٹ سکریٹری ڈائریکٹر اُردو اکیڈیمی وی کرشنا اور سینئر صحافی ایم اے ماجد نے شرکت کی۔ ریاستی وزیر اے لکشمن کمار نے کہا کہ اقلیتوں کیلئے اُردو کمپیوٹر ٹریننگ کورسس کا آغاز عمل میں لایا جائیگا اور اقلیتوں کے دیگر مسائل کی یکسوئی عمل میں لائی جائے گی
۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ اُردو اکیڈیمی کی جانب سے ماہر تعلیم کی خدمات کو ایوارڈس کے ذریعہ خراج تحسین پیش کرنا ایک غیر معمولی اقدام ہے۔ اے لکشمن کمار نے اُردو اکیڈیمی کی جانب سے روبہ عمل لائی جارہی اسکیمات پر اپنے اطمینا ن کا اظہار کیا انہوں نے چیرمین اُردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔
بیسٹ اُردو ٹیچر ایوارڈ میں شامل 173 اُردو اساتذہ میں ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والے محمد سرور احمد، محمد فضل اللہ خان، ڈاکٹر مقبول حسین، اسریٰ نوشین، امجد اللہ، محمد عبدالعلیم، ایم اے علیم، سید منور حسین بخاری، مرزا احسان بیگ، سعدیہ تبسم، محمدی شاہین، فوزیہ تسنیم، الطاف الدین پرویز، رفعیہ سلطانہ، عبدالقادر، رضیہ سلطانہ، سید یوسف، صدیقہ بیگم شامل ہے۔ قبل ازیں طاہر بن حمدان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایوارڈ یافتہ اساتذہ اکرام محبان اُردو، مختلف سماجی، فلاحی و ملی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔ یہاں اس بات کا ذکر بے محل نہ ہوگا کہ سال 2022-23 کیلئے مجموعی طور پر 328 ریاست بھر سے اساتذہ اکرام کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ کیلئے درخواستیں داخل کی تھی ان میں سے 173 اساتذہ کو مہمانوں کے ہاتھوں ایوارڈ سے نوازا گیا۔
