تلنگانہ

تلنگانہ میں آج موسم میں غیر معمولی تبدیلیاں متوقع – دوپہر دہکتی گرمی، شام کو طوفانی بارش اور بجلی گرنے کا خدشہ

تلنگانہ میں آج موسم میں غیر معمولی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ دوپہر تک ریاست بھر میں شدید گرمی برقرار رہے گی اور صورتحال ایسی ہوگی جیسے پورا خطہ بھٹی کی طرح دہک رہا ہو۔ ماہرینِ موسمیات کے مطابق بیشتر اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔

 

تاہم شام کے وقت موسم میں اچانک تبدیلی آئے گی اور کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خاص طور پر سنگاریڈی، وقارآباد، میدک، کاماریڈی اور نظام آباد اضلاع میں بجلی گرنے کے خطرات کے پیش نظر عوام کو انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

 

دارالحکومت حیدرآباد میں بھی اسی نوعیت کا موسم رہنے کا امکان ہے۔ دوپہر تک درجۂ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ شام یا رات کے اوقات میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔

 

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اچانک موسم کی اس تبدیلی کے دوران تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، جس سے مسافروں اور کسانوں کو خاص احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ اگرچہ گرمی سے کچھ حد تک راحت مل سکتی ہے، تاہم بجلی گرنے کے خدشے کے پیش نظر عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ گرج چمک کے دوران درختوں اور کرنٹ کے کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جائیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button