20 مہینے میں رقم دوگنی کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے معصوم افراد سے 150 کروڑ روپے لے کر فرار – حیدرآباد میں واقعہ

حیدرآباد، 31 مئی ( اردو لیکس) صرف دو سال کے اندر رقم دوگنا کرنے کا لالچ دے کر کروڑوں کا دھوکہ دینے والی کمپنی "پینگوئن سیکیورٹی سروسز” کا پردہ فاش ہوا ہے۔
.
میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد کے جیڈی میٹلہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع چنٹل کے سوریا نگر علاقے میں قائم اس کمپنی نے 1530 افراد سے تقریباً 150 کروڑ روپے جمع کیے اور پھر دفتر بند کر کے فرار ہو گئی۔
پولیس کے مطابق، مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے 35سالہ بالاجی اور30 سالہ چودھری سواتی نامی افراد کمپنی کے منتظمین تھے، جو پہلے ایل بی نگر اور عطا پور میں بھی دفاتر چلا چکے ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اگر ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کریں تو 20 مہینے میں رقم دوگنی ہو جائے گی۔ کچھ افراد کو ابتدائی طور پر بھاری منافع دے کر اعتماد حاصل کیا گیا۔
منافع کی لالچ میں متاثرین نے اپنے رشتہ داروں اور دوستوں سے بھی سرمایہ لگوایا۔ تاہم، جب مقررہ مدت مکمل ہوئی تو ادائیگی بند ہو گئی۔ متاثرین پچھلے دو ماہ سے مسلسل دفتر کے چکر کاٹتے رہے، لیکن کوئی جواب نہ ملا۔
30 مئی کو تقریباً 100 متاثرین دفتر پہنچے تو وہ بند پایا گیا، جس پر انہیں یقین ہو گیا کہ وہ ایک بڑے مالیاتی فراڈ کا شکار ہو چکے ہیں۔ متاثرین کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کمپنی کی خاتون منتظم سواتی کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔