تلنگانہ

تلنگانہ کے ڈاکٹر شریکر ریڈی قطر میں بھارت کے نئے سفیر مقرر ہونے کا امکان

جدہ 21 جولائی ( عرفان محمد) دنیا کے بڑے قدرتی گیس پیدا کرنے والے ممالک میں شامل قطر میں بھارت کے نئے سفیر کے طور پر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سینئر سفارت کار ڈاکٹر کوپولا شریکر ریڈی کی تقرری کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 2001 بیچ کے انڈین فارن سروس  افسر ڈاکٹر شریکر ریڈی کو مرکزی حکومت نے قطر میں بھارت کا نیا سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

ڈاکٹر شریکر ریڈی نے اپنے سفارتی کیریئر کے دوران حیدرآباد میں ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے لے کر اقوام متحدہ تک مختلف اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ انہوں نے افریقی اور عرب ممالک کے ساتھ بھارت کے تاریخی تجارتی معاہدوں میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ عالمی تجارتی تنظیم  میں بھی بھارت کے نمائندے رہ چکے ہیں اور بھارت و متحدہ عرب امارات کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے میں بھی بھارتی وفد کی جانب سے نمایاں خدمات انجام دیں۔

 

حیدرآباد میں ریجنل پاسپورٹ آفیسر کی حیثیت سے انہوں نے پاسپورٹ کی پولیس تصدیق کے عمل کو تیز کرتے ہوئے جلد پاسپورٹ جاری کرنے کا نظام متعارف کرایا، جس پر انہیں قومی سطح پر بہترین کارکردگی کا ایوارڈ بھی ملا۔ وزارتِ خارجہ میں انہوں نے پاکستان سے متعلق اہم معاملات کی نگرانی بھی کی۔

 

ویتنام میں تعیناتی کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں کردار ادا کیا، جبکہ جرمنی اور سوئٹزرلینڈ میں بھی مختلف سفارتی ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ اس وقت امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں بھارت کے قونصل جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

 

ڈاکٹر شریکر ریڈی کا تعلق تلنگانہ کے یادرادری بھونگیر ضلع کے موتکور منڈل سے ہے۔ انہوں نے ورنگل سے طب کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد 2001 میں سول سروسز میں کامیابی حاصل کی۔ ان کی اہلیہ پرتما بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔

 

خلیجی ممالک میں قطر کو بھارت کے لیے انتہائی اہم سفارتی مقام حاصل ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت اور اقتصادی تعلقات بہت اہم ہیں۔ بھارت اپنی کھاد اور برقی شعبے کی ضروریات کے لیے قطر سے قدرتی گیس درآمد کرتا ہے۔ قطر میں تقریباً آٹھ لاکھ بھارتی شہری مقیم ہیں۔

 

قطر میں مقیم تلگو برادری نے ڈاکٹر شریکر ریڈی کی ممکنہ تقرری پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ قطر میں مقیم تلنگانہ کے معروف سماجی رہنما خواجہ نظام الدین نے کہا کہ تلنگانہ کے ایک سپوت کا بھارت کے سفیر کی حیثیت سے قطر آنا باعثِ فخر اور خوش آئند بات ہے۔

 

ذرائع کے مطابق موجودہ بھارتی سفیر وپل کے اس ماہ کے آخر میں اپنی مدت مکمل کرنے کے بعد ڈاکٹر شریکر ریڈی قطر میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button