جرائم و حادثات

عمرہ سے لوٹنے والے بیٹی داماد کو لینے جاتے وقت تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں اسکارپیو کار کو حادثہ – نانڈیر کے ماں، بیٹا اور پوتی جاں بحق

عمرہ کی ادائیگی سے لوٹنے والے بیٹی داماد کو لینے جاتے وقت پیش آئے المناک حادثہ میں مہاراشٹرا کے ناندیڑ سے تعلق رکھنے والے ماں، بیٹا اور پوتی جاں بحق ہوگئے

 

.یہ حادثہ تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں پیش آیا.تفصیلات کے مطابق سنگاریڈی ضلع کے نارائن کھیڑ اسمبلی حلقہ کے نظام پیٹ منڈل کے بچپلی گاؤں کے قریب منگل کی علی الصبح تقریباً 4 بجے ایک اسکارپیو گاڑی خوفناک سڑک حادثے کا شکار ہوگئی۔

 

پہلے بے قابو اسکارپیو کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، اس کے بعد کئی پلٹیاں کھا کر سڑکہ کے کنارے جا گری اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

 

پولیس کے مطابق حادثے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک زخمی نے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ دیا۔ مرنے والوں کی شناخت ایک ماں، اس کے بیٹے اور چار سالہ پوتی کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے میں مزید دو افراد زخمی ہوئے ہیں، جن کا نارائن کھیڑ اسپتال میں علاج جاری ہے۔

 

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ناندیڑ سے تعلق رکھنے والے خاندان کے افراد دو گاڑیوں میں حیدرآباد ایئرپورٹ جا رہے تھے تاکہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپس آنے والی اپنی بیٹی اور داماد کا استقبال کرکے انہیں گھر لے آئیں، لیکن راستے میں یہ المناک حادثہ پیش آگیا۔

 

حادثے کا شکار اسکارپیو میں مجموعی طور پر نو افراد سوار تھے۔ کانگٹی کے سرکل انسپکٹر وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button