انٹر نیشنل

کن ویزوں پر حج نہیں کیا جاسکتا۔ وزارت حج کی وضاحت

ریاض ۔ کے این واصف

حکومت سعودی عرب نے جب سے ویزا اجرائی میں آسانیاں پیدا کی ہیں تب سے لوگ بآسانی مملکت آرہے ہیں لیکن ہر ویزا پر آنے والا وزیٹر حج نہیں کرسکتا۔ اس سلسلے میں وزارت نے وضاحت جاری کی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے پیر کو ان ویزوں کی فہرست جاری کی ہے جن پر آنے والے افراد حج ادا نہیں کرسکتے۔

 

عاجل ویب کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ حج ویزا نہ رکھنا قانون کی خلاف ورزی ہے اور سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔وزارت حج کا کہنا ہے ویزے کے بغیر حج نہیں ہوتا اور حج کے لیے ضروری ہے کہ مملکت آمد سے قبل ویزا حاصل کیا جائے۔وزارت نے بتایا کہ وزٹ، ٹورسٹ، ورک اور ٹرانزٹ ویزے پر آنے والے حج نہیں کرسکتے۔

 

علاوہ ازیں سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ حج کے لیے درخواست دینے یا پرمٹ حاصل کرنے کی آخری تاریخ 13 جون 2024 (7 ذی الحجہ 1445ھ) ہے۔ وہ افراد جنہوں نے اس سے پہلے حج نہیں کیا وہ دستیاب نشستوں پر درخواست دے سکتے ہیں۔وزارت نے کہا کہ اس سال داخلی عازمین کے لیے ضروری ہے کہ وہ حفاظتی ٹیکوں کا کورس کیے ہوئے ہوں جن میں کووڈ ویکسین، انفلوائنزا ویکسین کی ایک خوراک جبکہ میننجائٹس ویکسین کی ایک خوراک گزشتہ پانچ برسوں میں لی ہو اور ان سب کا ریکارڈ صحتی ایپ پر موجود ہو۔

 

وزارت حج کا کہنا ہے حج درخواست منظور ہونے پر پرمٹ ابشر پلیٹ فارم پر جاری ہوگا جہاں سے اسے پرنٹ کیا جا سکتا ہے۔حج پرمٹ پرنٹ حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے ابشر پر لاگ ان ہوں۔ خدماتی کو پش کریں۔ خدمات اور پھر وزارت حج کا انتخاب کریں۔ آخر میں حج پرمٹ پرنٹ کرلیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button