نیشنل

بینک کے لاکر میں رکھی گئی 18 لاکھ روپے کی رقم دیمک کھا گئی _ بیٹی کی شادی کے لئے خاتون نے چھپا رکھی تھی یہ رقم

مرادآباد _ 27 ستمبر ( اردولیکس ڈیسک) اترپردیش  کے مرادآباد میں ایک انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے۔  مرادآباد میں بینک آف بڑودہ کی ایک شاخ میں لاکر میں رکھی گئی بھاری رقم کو دیمک کھا گئی ۔بتایا جاتا ہے کہ ایک خاتون نے 18 لاکھ روپے کی رقم بینک کے لاکر میں رکھی تھی گزشتہ روز جیسے ہی اس نے اپنا لاکر کھولا تو اسے یقین نہ آیا اور گھبرا گئی کیونکہ لاکر میں رکھے  نقدی کے  بہت سارے نوٹ پاؤڈر میں بدل گئے تھے، جنہیں دیمک کھا گئی۔ خاتون نے برانچ منیجر کو اس کی اطلاع دی اور اس کے بعد تفتیش شروع کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مرادآباد کے آشیانہ میں رہنے والی الکا پاٹھک نامی خاتون نے اپنی چھوٹی بیٹی کی شادی کے لیے 18 لاکھ روپے نقدی کے ساتھ زیورات بھی لاکر میں رکھے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ خاتون نے یہ رقم گزشتہ سال اکتوبر میں رام گنگا وہار برانچ میں جمع کرائی تھی۔ گزشتہ پیر کو خاتون اپنے KYC کے لیے آئی تھی اور اس دوران اس نے چیک کرنے کے لیے اپنا لاکر کھولا۔ پھر اس نے دیکھا کہ دیمک نے نوٹوں کو کھا لیا ۔ پھر اس نے بینک کو اس کی اطلاع دی۔ خاتون کے مطابق اس نے اپنی بڑی بیٹی کی شادی میں مہمانوں سے ملنے والی رقم محفوظ کر لی تھی۔ اس کے علاوہ اس نے کاروبار اور ٹیوشن پڑھا کر پیسے بچائے تھے جس سے وہ اپنی چھوٹی بیٹی کی شادی کرنا چاہتی تھی ۔

 

جب خاتون سے اس بارے میں پوچھا گیا تو اس نے کہا کہ وہ نہیں جانتی کہ لاکر میں رقم رکھی جا سکتی ہے یا نہیں اور وہ اس سے لا علم ہے ۔  وہیں  بینک  برانچ منیجر نے کہا کہ اب اس معاملے میں تحقیقات جاری ہے۔ رپورٹ تیار کرکے بھیج دی گئی ہے۔ رپورٹ آتے ہی اس کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی اور معلومات دی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button