تلنگانہ

ڈاکٹر اسما فاطمہ کو ایم آر سی ایس کی رکنیت کا اعزاز _ عالمی سطح پر پریکٹس کے لئے منتخب تلنگانہ کی پہلی باحجاب مسلم خاتون سرجن

حیدرآباد _  ڈاکٹر اسماء فاطمہ صاحبزادی جناب محمد غفار علی کو شعبہ طب میں عالمی سطح کے امتحان MRCS میں کامیابی کے ساتھ رائل کالج آف سرجنس کی رکنیت کا اعزاز حاصل ہوا ہے جس کے بعد وہ دولت مشترکہ کے 54 ممالک میں بہ حیثیت سرجن اپنی پریکٹس جاری رکھنے کے لئے اہل قرار پا چکی ہیں۔

 

ڈاکٹر اسماء فاطمہ اورمائیکل ہا کامل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رحمن خان کی بہو ہیں ۔ انھوں نے تشکیل تلنگانہ کے بعد عالمی اعزاز حاصل کرتے ہوئے نئی ریاست کا نام روشن کیا ہے۔ ڈاکٹر اسماء فاطمہ نے ایڈن برگ یو کے میں 15 مئی 2023 کو منعقدہ MRCS امتحان میں شرکت کی اور نمایاں کامیابی حاصل کی۔ وہ ابتدا سے ہی ہونہار اور ذہین طالبہ رہی ہیں۔ انٹر میڈیٹ میں 95 فیصد سے زائد نشانات سے کامیابی حاصل کی تھی اور ایمسیٹ 2013 میں 372 رینک حاصل کرتے ہوئے عثمانیہ میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کی نشست حاصل کی ۔

 

بعد ازاں 2019 میں پی جی نیٹ میں بھی کنونیز کوٹہ کے تحت رینک حاصل کرتے ہوئے دکن میڈیکل کالج میں داخلہ لیا اور ماسٹران جنرل سرجری کی تکمیل کے بعد شعبہ طب میں اپنی مہارت میں اضافہ کیا۔ یو کے میں منعقدہ سمینارس میں سرجری پر مقالے پیش کئے اور عالمی سطح کے طبی جریدے میں حال ہی میں تحقیقی مضمون کی اشاعت کا بھی انہیں اعزاز حاصل ہوا ہے۔

 

رائل کالج آف سرجنس میں رکنیت حاصل کرنے کے لئے انھوں نے ایڈنبرگ میں منعقدہ امتحان میں شرکت کی اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ سے منتخب ہونے والی پہلی مسلم خاتون سرجن بن گئیں ۔ ڈاکٹر اسماء فاطمہ نے بین الاقوامی سطح کی سرجن بنے کا اعزاز ملنے پر بارگاہ رب العزت میں شکر ادا کرتے ہوئے دختران ملت کو پیغام دیا کہ ترقی کی راہ میں حجاب رکاوٹ نہیں ہے۔

 

محنت، لگن اور انتھک جدو جہد کے ذریعہ وہ اعلیٰ سے اعلیٰ ترین مقام تک پہنچ سکتی ہیں ۔ انھوں نے ان کی ہمت افزائی اور تعاون کرنے والے تمام اساتذہ افراد خاندان اور بہی خواہوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر رحمن خان، ڈاکٹر مرتضی احمد سرجن آنکولوجی)، ڈاکٹر وی وی کے راجو پیچ اوڈی انڈو امریکن ہاسپٹل ڈاکٹر مذھو نارائن سرجن ( آنکولوجی) اور ڈاکٹر ایم رمیش جنرل سرجن و ڈائرکٹر گورنمنٹ میڈیکل کالج، محبوب نگر نے اس غیر معمولی کامیابی پر ڈاکٹر اسماء فاطمہ کو مبارک باد دی اور دنیا بھر میں شعبہ طب کے ذریعہ انسانیت کی خدمت کا موقع ملنے پر ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 

گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل، وقار آباد کے جہاں ڈاکٹر اسماء خدمات انجام دے چکی ہیں، پرنسپل سپرنٹنڈنٹ اور اسٹاف نے بھی انہیں مبارکباد پیش کی ہے

متعلقہ خبریں

Back to top button