ایجوکیشن

یونیورسٹی آف حیدرآباد کے طلبہ یونین کے انتخابات میں کامیابی پر محمد عتیق کی تہنیت

17 نومبر ، بروز جمعہ یونیورسٹی آف حیدر آباد کے شعبہ اردو میں اردو ایسو سی ایشن کی جانب سے طلبہ یونین انتخابات 24-2023 میں شعبہ کے ریسرچ اسکالر محمد عتیق کے بحیثیت صدر منتخب ہونے پر ایک تہنیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔ اس اجلاس کی نظامت کی ذمہ داری شعبہ اردو کے سابق ریسرچ اسکالر جناب ڈاکٹر محمد خوشتر ادا کر رہے تھے ۔

ابتداً انہوں نے اس جلسے کے اغراض و مقاصد پر بات رکھی چوں کہ اس برس یعنی 2023 -2024 کے طلباء انتخابات میں بائیں بازو کی سیاسی جماعت ASA , SFI , TSF نے متحدہ طور پر عتیق احمد کو صدارتی عہدہ کے امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا تھا ۔ جنہوں نے بیحد آسانی کے ساتھ قریبی فریق اور دائیں بازو کی سیاسی جماعت ABVP کی امیدوار شیخ عائشہ کو 471 ووٹ کے بڑے فرق سے شکست دی ۔ صدارتی عہدے کے امیدوار کے طور پر عتیق احمد نے جہاں کل 1880 ووٹ حاصل کیے ، وہیں شیخ عائشہ 1409 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ۔

تیسری اور چوتھی پوزیشن پر بالترتیب 434 ووٹ اور 345 ووٹ کے ساتھ امیش امبیڈکر اور امل جوش فلپ رہے ۔

یونی ور سٹی کی طلبہ یونین انتخابات کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب کیمپس کی دو بڑی سیاسی جماعت نے صدارتی امیدوار کے طور پر مسلم امیدواروں کو میدان میں اتارا ۔ جب کہ شعبہ اردو کے لئے خوشی کا یہ دوسرا موقع تھا جب کہ اس کے کسی طالب علم نے یونین الیکشن میں صدارتی عہدہ کے امیدوار کے طور پر فتح حاصل کی ۔

اس سے قبل سال 13-2012 میں شعبہ اردو کے ریسرچ اسکالر جناب امجد پاشا صدر کے عہدے پر فائز ہوئے تھے ۔

جلسے کی کاروائی آگے بڑھاتے ہوئے صدر شعبہ اردو پروفیسر فضل اللہ مکرم صاحب نے اردو ایسو سی ایشن کے سابق صدر کی حیثیت سے عتیق احمد کی گل پوشی کی اور شال پہنا کر حوصلہ افزائی و عزت افزائی کی ۔

صدر شعبہ اردو جناب فضل اللہ مکرم نے زمانہ طالب علمی کی اپنی یادیں سانجھا کرتے ہوئے عتیق احمد کو دعاؤں سے نوازا ۔ انہوں نے صدارتی عہدہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ذمہ داری سے بھرا ہوا عہدہ اپنی اصل میں خوشی سے زیادہ آزمائش کا ہے ۔ اور وہ امید کرتے ہیں کہ کامریڈ عتیق اس آزمائش میں کھڑے اتریں گے ۔

 

وقت جو بیحد کنجوسی کے ساتھ اپنے خرچ کیے ہر ایک لمحے کا حساب رکھتا ہے ، تحریر و تصویر کی صورت میں اس لمحے کو بھی لگاتار اپنی لوح پر تحریر کر رہا تھا کہ کس طرح ادب کی خوشبو میں کیمپس کی سیاست کا سرخ رنگ شامل ہوکر سامعین کے چہروں پر عبیر کی صورت اترتا ہوا دکھائی دے رہا تھا ۔

سوال و جواب کے سیشن کے دوران عتیق احمد نے سوالوں کے تفصیلی و تسلی بخش جوابات دیے اور ساتھ ہی ساتھ مستقبل کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے یونین اور پارٹی کے موقف کو سامنے رکھتے ہوئے مختلف نکات پر تفصیلی بات کی ۔ اس اجلاس میں طلبا کی کثیر تعداد میں شرکت کی جس میں مختلف شعبہ جات کے طلبا کے علاوہ مختلف یونی ورسٹی سے آئے طلبا و طالبات بھی شامل رہے

متعلقہ خبریں

Back to top button