اسپشل اسٹوری

مسجد الحرام لائبریری کے نایاب قلمی نسخے ۔ حجاج کی توجہ کا مرکز

ریاض ۔ کے این واصف

حج سے فارغ حجاج کرام مقامات مقدسہ میں ٹورسٹوں کی دلچسپی کے مقامات دیکھنے میں مصروف ہیں۔ ان میں مکہ لائبریری ایک مقبول مقام ہے۔ مسجد الحرام مکہ کی لائبریری میں سات نایاب قلمی نسخے حجاج کرام کے علمی حلقوں میں پسند کیے جا رہے ہیں۔ العربیہ نیٹ اور حرمین شریفین انتظامیہ ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے خواتین کے لیے مختص مسجد الحرام کی لائبریری میں سات نایاب قلمی نسخے شامل کیے ہیں۔ جسے یہاں آنے والی خواتین حجنوں میں مقبولیت مل رہی ہے۔

 

 

لائبریری میں تیسرے خلیفہ راشد حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ تعالی عنہ کے عہد میں تحریر کیا گیا قرآن پاک کا عثمانی نسخہ بھی شامل ہے۔ حرمین شریفین انتظامیہ نے معروف خوشنویس محمد ابراہیم کا منفرد قرآنی طغرہ بھی لائبریری میں سجایا ہے۔ لائبریری میں احادیث مبارکہ میں مشہور انتخاب مسند الموطا کا واحد قلمی نسخہ بھی موجود ہے۔انتظامیہ نے بتایا کہ ’اس کے علاوہ لائبریری میں 60 سال پرانے اخبارات کا انتخاب بھی رکھا گیا ہے‘۔

 

 

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’سیرت طیبہ کی معروف تصنیف ’ذروۃ الوفا باخبار دارالمصطفی‘ اور مکہ مکرمہ کی تاریخ سے متعلق قلمی نسخہ ’بلوغ القری فی ذیل اتحاف الوری باخبار ام القری‘ بھی نایاب قلمی نسخوں میں شامل ہے‘۔ لائبریری کی انچارج امیمہ السدیس نے بتایا کہ ’حج موسم میں نمائش کا افتتاح حجاج کرام کو اہم ثقافتی، تاریخ سے آگاہ کرنا ہے‘۔لائبریری انچارج نے بتایا کہ ’حجاج کے علمی حلقے نمائش پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں‘۔امیمہ السدیس نے کہا کہ لائبریری اتوار سے جمعرات تک روزانہ صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک کھلی رہتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button