انٹر نیشنل

رواں سال پہلی بار حج آپریشن سعودی عرب کے 6 شہروں سے ہوگا

حیدرآباد ۔ کے این واصف

حجاج کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لئے سعودی ایئر نے نئی سہولتیں پیدا کی ہیں سعودیہ ایئر میں امور حج وعمرہ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامر آل خشیل نے کہا ہے کہ ’رواں سال پہلی بار سعودی عرب کے 6 ہوائی اڈوں پر حج آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

عاجل ویب سائٹ کے مطابق آل خشیل نے سعودی ٹی وی چینل ’الاخباریہ‘ کوانٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’اس سے قبل حج آپریشن صرف جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک محدود تھا۔’رواں سال پہلی بارحج آپریشن کے لیے مزید چارشہروں کا اضافہ کیا گیا ہے جہاں عازمین حج کو پروازوں کی آمدورفت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’رواں سال حج آپریشن کے لیے پہلی بار طائف، ینبع، ریاض اور دمام کے ہوائی اڈوں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جہاں حج پروازوں کی آمدورفت ہوگی۔واضح رہے کہ طائف میں مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے ایئرپورٹ موجود ہے جو طائف شہر سے تقریباً 30 کلومیٹر اور مکہ سے 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ سعودی دارالحکومت ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ مملکت کے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔ یہ شہر سے 35 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

دمام میں کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔ یہ شہر سے 35.6 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ دمام سے مکہ کا بائی روڈ سفر 1171 کلو میٹر ہے۔ ینبع مدینہ منورہ ریجن میں واقع ہے۔ یہاں امیر عبدالمحسن بن عبد العزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔ یہ ینبع شہر سے تقریبا 6 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ مدینہ منورہ ریجن کا دوسرا بڑا ایئرپورٹ ہے۔ ینبع سے مدینہ منورہ کا فاصلہ تقریبا 225.6 کلو میٹر ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button