نظام آباد دورہ پر رکن کونسل کویتا کا والہانہ استقبال

 

*نو تزین شدہ جنے پلی شیوالیم کے افتتاح کے علاوہ مختلف پرواگراموں میں شرکت*

نظام آباد۔ یکم مارچ(پریس ریلیز)چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کی دختر و رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا آج نظام آباد پہنچیں۔ حیدرآباد سے جنے پلی بودھن روانگی کے دوران راستہ میں جگہ جگہ عوام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ میڈیکل اسکوائر پر ٹی آر ایس قائدین و کارکنوں کی جانب سے کویتا کی گلپوشی کرتے ہوئے ٹی آر ایس زندہ باد نعروں کی گونج میں ان کا خیر مقدم کیا گیا۔ میڈچل پہنچے پر کویتا نے امبیڈکر کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور بابائے قوم کو خراج پیش کیا۔ بعد ازاں کاماریڈی پر بھی سیکڑوں عوام نے محترمہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ کاماریڈی سے کے۔ کویتا اپنے قافلے کے ساتھ نظام آباد پہنچیں۔ نظام آباد میں نوی پیٹ منڈل کے جنے پلی میں کویتا نے نو تزین کردہ قدیم شیوا مندر کا افتتاح کیا۔ اس مندر کی حالیہ عرصہ میں ملکاجگری رکن اسمبلی مینم پلی ہنمنت راؤ کی جانب سے تزین نو کی گئی۔ سمجھا جاتا ہے کہ یہ مندر شری رام نے دواپارایوگم کے دوران تعمیر کی تھی۔ کے۔ کویتا نے مندر میں خصوصی پوجا کی اور ریاست کی عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی۔ بعد ازاں کویتا نے میڈیا نمائندوں سے خطاب کیا اور اپنے خطاب میں مندر کی تزین نو کرنے پر رکن اسمبلی ملکاجگری مینم پلی ہنمنت راؤ کی ستائش کی اور اس قدیم مندر کی تزین نو پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ مندر کی اس افتتاحی تقریب میں رکن کونسل کویتا، ملکاجگری رکن اسمبلی مینم پلی ہنومنت راؤ کے علاوہ رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل، ضلع پریشد چیرمین دادانگری وٹھل، اراکین اسمبلی شکیل عامر، جیون ریڈی، گنیش گپتا، دیانند، زیڈ پی ٹی سی باجی ریڈی جگن، مندر کمیٹی ممبرس اور مقامی قائدین و کارکن موجود تھے۔