نیشنل

شادی کے استقبالیہ میں شرکت کے لئے جانے والے مسلم خاندان کی بس کنال میں گر گئی _ 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

وجئے واڑہ _ 11 جولائی ( اردولیکس) آندھراپردیش میں شادی کے استقبالیہ میں شرکت کے لئے جانے کے دوران  پیش آئے سڑک حادثہ میں 7افرادبشمول تین خواتین، ایک کم عمر لڑکی جاں بحق ہوگئے اور دیگر 15شدید زخمی ہوگئے، ان میں 4کی حالت تشویشناک ہے

 

۔یہ حادثہ پیر کی رات پرکاشم ضلع کے دارشی کے قریب اُس وقت پیش آیا جب اے پی ایس آرٹی سی کی کرایہ پر حاصل کردہ بس کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھودیا اور یہ بس ساگر کنال میں گرگئی۔پولیس کے مطابق حادثہ کے وقت بس میں 47افراد بشمول دو ڈرائیورس سوارتھے جو شادی کے استقبالیہ کی تقریب میں شرکت کے لئے پوڈالی سے کاکناڈاجارہے تھے۔کنال  میں پانی کی سطح میں کمی کے سبب حادثہ کی شدت زیادہ نہیں ہوئی۔زخمیوں کو فوری طورپرعلاج کے لئے قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیاگیا

 

جبکہ شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لئے اونگول کے رمس اسپتال لے جایاگیا۔مہلوکین کی شناخت 65سالہ عبدالعزیز،60سالہ عبدالحئی،48سالہ شیخ رمیض،58سالہ ایم نورجہاں،65سالہ ایم جانی بیگم،35سالہ شیخ شبینہ اور7سالہ حنا کے طورپر کی گئی ہے۔پولیس نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی گئی ہے

 

۔پرکاشم ضلع کے ایس پی ملک گرگ نے اس حادثہ کی توثیق کی اور کہا کہ حادثہ کے نتیجہ میں مسافرین ایک دوسرے پر گرپڑے۔انہوں نے اس حادثہ کو افسوسناک قراردیا اور کہا کہ بس کو نہرسے نکالنے کے لئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔حادثہ کا مقام دلخراش منظرپیش کررہاتھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button