جرائم و حادثات

عادل آباد میں مقفل مکانات میں سرقہ کی ورادتوں میں ملوث ٹولی بے نقاب _ عادل آباد ڈی ایس پی وی اُمیندر کی پریس کانفرنس

نمائندہ خصوصی کی رپورٹ

عادل‌آباد۔2/مئی(اردو لیکس)عادل آباد ضلع کے مختلف مقامات پر مقفل مکانات کی قفل شکنی کرتے ہوئے سرقہ کی واردات انجام دینے والی چار رکنی ٹولی کا عادل آباد پولیس نے پردہ فاش کیا۔جس میں سے چار رکنی ٹولی کے سرغنہ کو پولیس نے حراست میں لیتے ہوئے میڈیا کے روبرو پیش کیا۔

 

جس کی شناخت 27 سالہ محمد معیز کی حیثیت سے کی گئی ہے۔جو عادل آباد کے نیو ہاؤسنگ بورڈ کا رہنے والا ہے۔باقی تین ملزمین فرار بتائے گئے ہیں۔اس سلسلہ میں شہر مستقر عادل آباد کے موالا پولیس اسٹیشن میں ٹاؤن ڈی ایس پی وی اُمیندر نے پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے صحافیوں کو تمام تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ معیز عیاشی کرنے کا عادی تھا۔آٹو چلانے سے ملنے والی رقم ناکافی ہونے کے سبب وہ عیاشی کرنے کے لئے چوری کرنے کا عادی ہوگیا

 

۔ایک سال قبل عادل آباد پولیس نے معیز کو پکڑ کر جیل بھیج دیا تھا۔گذشتہ ماہ 4/اپریل کو وہ جیل سے رہا ہوا اور 6/اپریل کی رات سائی نگر رینوکا ایلمما مندر میں سرقہ کی واردات انجام دی۔جس میں سے تیس ہزار نقد رقم اور سی سی کیمروں سے منسلک ڈی وی آر کا بھی سرقہ کرلیا۔11/اپریل کو دسناپور کے علاقے میں اپنے ساتھیوں گجنند،افسر،اے جے کے ہمراہ وینکٹیشورا وائن شاپ میں سے 53 ہزار نقد رقم اور شراب کی بوتلوں کا سرقہ کرلیا‌ تھا۔17/اپریل کو موالا پولیس اسٹیشن کے حدود میں شیو مندر میں بھی سرقہ کی واردات انجام دی۔23/اپریل کو عادل آباد کے ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن حدود میں محلہ پنجہ شاہ میں مقفل مکان میں قفل شکنی کرتے ہوئے داخل ہوا اور سونا چاندی کے علاوہ نقد پچاس ہزار رقم کا سرقہ کرلیا۔

 

بعد ازاں چوری کیا ہوا سامان مہاراشٹر میں لیجاکر چھپا دیا۔28/اپریل کو پٹلواڑہ میں مقفل مکان کی قفل شکنی کرتے ہوئے 2 تولے سونا اور پچاس ہزار نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ آج بروز منگل دو مئی 2023 کو صبح تقریباً دس بجے محمد معیز دسناپور تروملا پٹرول پمپ کے اطراف گھوم رہا تھا۔ضلع ایس پی ڈی اودے کمار ریڈی کی ہدایت پر موالا ایس آئی وشنو وردھن،ایم اے کریم،تروپتی ریڈی،شیواجی،انیل نے موقع پر پہنچ کر محمد معیز کو گرفتار کرتے ہوئے ایک کلو چاندی کا تاج،سات گرام سونے کی چین اور 65 تولے چاندی ضبط کرلی

 

۔بعد ازاں موالا پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا۔ڈی ایس پی وی اُمیندر نے مزید بتایا کہ یہ ٹولی مقفل مکانات کی نشاندھی کرتے ہوئے قفل توڑ کر سرقہ کی واردات انجام دیتی تھی۔انہوں نے بتایا کہ سارقوں کی ٹولی نے ضلع کی بعض مندروں میں بھی سرقہ کی واردات انجام دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع ایس پی کی ہدایت پر عادل آباد پولیس نے سارقوں کی ٹولی کا تعاقب کرتے ہوئے پردہ فاش کیا

 

۔ضلع ایس پی کی ہدایت پر سارقوں کی ٹولی کا پردہ فاش کرنے پر ڈی ایس پی نے ایس آئی وشنو وردھن،ایم اے کریم،تروپتی ریڈی،شیواجی،انیل کو نقد انعامات سے نوازا۔اس موقع پر موالا سی آئی رگھوپتی اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button