تلنگانہ

بیرسٹر اویسی کی ضلع کلکٹر نظام آباد سے اے این ایم جائیدادوں پر تقررات میں بی سی ای مسلم تحفظات پر عمل آوری کےلئے فون پر بات

نظام آباد کے مجلسی قائدین نے تحریری یادداشت ضلع کلکٹر کو پیش _ عملی اقدامات کا تیقن

نظام آباد۔ 4 جنوری( اردو لیکس) بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے ضلع کلکٹر نظام آباد نارایئن ریڈی سے فون پر بات کرتے ہوئے محکمہ ضلع طب و صحت کے تحت 64 اے این ایم کی جائیدادوں پر تقررات کے خصوص میں روسٹر پوائنٹ بی سی۔ای زمرہ کے تحت 4 فیصد مسلم تحفظات پر عدم عمل آوری پر نمائندگی کی اور فی الفور عمل آوری کے ذریعے تقررات عمل میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔صدر مجلس نے ضلع کلکٹر سے کہا کہ نظام آباد ضلع میں محکمہ طب و صحت کے تحت 64 اے این ایم کی جائیدادوں پر تقررات کے خصوص اعلامیہ کی اجرائی اور درخواستوں کے حصول کے بعد دیگر زمروں کے تحت تحفظات پر عارضی فہرست جاری کردی گئی تاہم روسٹر پوائنٹ بی سی۔ای زمرہ کو شامل نہیں کیا گیا۔انہوں نے بی سی۔ای زمرہ کے تحت مسلم تحفظات پر عمل آوری کے ذریعے تقررات عمل میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

ضلع کلکٹر نے اس خصوص میں اقدامات کا تیقن دیا۔بیرسٹر اویسی کی ہدایت پر آج ٹاؤن مجلس نظام آباد کے قائدین صدر ٹاؤن مجلس و ضلع تنظیم کے انچارج محمد شکیل احمد فاضل، ڈپٹی میئر مجلس محمد ادریس خان، معتمد ٹاؤن مجلس محمد شہباز احمد، شریک معتمد ٹاؤن مجلس اعجاز حسین نے ضلع کلکٹر نارایئن ریڈی سے ان کے چمبر میں ملاقات کی اور 64 اے این ایم کی جائیدادوں پر تقررات میں بی سی ای مسلم تحفظات پر عمل آوری کی نمائندگی کی۔مجلسی قائدین نے بتایا کہ محکمہ ضلع طب و صحت کے تحت آوٹ سورسسنگ پر اے این ایم کے تقررات میں بی سی۔ای زمرہ کو یکسر نظر انداز کردیا گیا جبکہ ان جائیدادوں کیلئے مسلم خاتون امیدواروں نے بھی در خواست گزاری کی ہے۔صدر ٹاؤن مجلس محمد شکیل احمد فاضل نے بتایا کہ دو ماہ قبل ڈی ایم اینڈ ایچ او محکمہ کے تحت تقریبا 90 اسٹاف نرس کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے گئے ہیں اور اس موقع پر بھی سماجی، معاشی پسماندہ مسلم طبقات کو ملازمت اور تعلیم میں 4 فیصد حکومتی تحفظات پر عدم عمل آوری، روسٹر پوائنٹ نمبر 19 ،44 ،69 اور 94 کے مغائر تقررات عمل میں لائے گئے ہیں

 

۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ضلع طب و صحت عہدیدار نے جان بوجھ کر بغض اور تعصب کے ذریعے 64 اے این ایم کے عہدوں پر امیدواروں کا انتخاب عمل میں لاتے ہوئے بی بی سی۔ای زمرہ کو شامل نہیں کیا گیا۔انہوں نے ان تقررات پر نظر ثانی کے ذریعے موجودہ فہرست کو منسوخ کرنے اور چار فیصد مسلم تحفظات کو شامل کرتے ہوئے کم از 3 مسلم اہل امیدواروں کے تقررات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ علاوہ ازیں مجلسی قائدین نے ضلع کلکٹر سے خواہش کی کہ سرکاری سطح پر ضلع میں چار فیصد مسلم تحفظات پر عمل آوری کے خصوص میں مختلف محکموں کے عہدیداروں کو عمل آوری کی ہدایت دی جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی محکمہ میں تقررات کے موقع پر چار فیصد مسلم تحفظات کو نظر انداز نہ کیا جاسکے۔ضلع کلکٹر نے ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر شدرشنم سے اس خصوص میں فون پر بات کرتے ہوئے مسلم تحفظات پر عدم عمل آوری پر سرزنش کی اور تقررات کی حتمی فہرست کی اجرائی سے قبل بی سی۔ای زمرہ کے تحت مسلم امیدواروں کو بھی شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے ضلع کے تمام محکموں میں تقررات کے لیے مسلم تحفظات پر عمل آوری کیلئے ہدایت جاری کرنے کا مجلسی وفد کو تیقن دیا۔ اس موقع پر مجلسی قائدین کے ہمراہ مسلم اہل امیدوار، صدر اربن ہیلت سنٹر ایمپلایز یونین محمد سعد اللہ دوسرے موجود تھے۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button