تلنگانہ

عمران قتل معاملے میں ڈی سی پی سرور نگر اقلیتی کمیشن کے روبرو پیش نہیں ہوئے 

حیدرآباد:21/ اگست (پریس نوٹ)سرورنگر ضلع رنگاریڈی میں 5 اور 6/ اگست کی درمیانی شب 21 سالہ محمد عمران نامی نوجوان کے بہیمانہ قتل سے کیس نمبر 398/B/TSMC/2023 کی سماعت آج ریاستی اقلیتی کمیشن نے کی۔ محمد عمران کی والدہ ممتاز بیگم نے الزام لگایا تھا کہ ان کے بیٹے محمد عمران کو 5 اور 6/ اگست کی درمیان شب ٹو وہیلر کی مرمت کے سلسلہ میں اپنے گھر طلب کرکے ملزم نمبر 2 لکشمن سنگھ نے قتل کردیا تھا اور اس کی نعش کو کئی ٹکڑے کرکے جلادیا تھا۔

 

کمیشن نے اس سلسلہ میں آج جامع تحقیقات کی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سرور نگر آج اقلیتی کمیشن کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔ ڈی سی پی کو ہدایت دی گئی کہ وہ 23/ اگست کو کمیشن کے روبرو حاضر ہوں۔ اے سی پی، سب انسپکٹر پولیس سرور نگر و دیگر پولیس عہدیدار اقلیتی کمیشن کے روبرو حاضر ہوئے اور اس قتل سے متعلق تفصیلات بتائیں۔

 

کمیشن کو ان عہدیداروں نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں۔ اب تک 5 افراد کو اس سلسلہ میں ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ چند دن کے اندر ملزم نمبر 2 لکشمن سنگھ کو بھی حراست میں لے لیا جائیگااور عمران کی نعش کی راکھ کو فارنسک لیاب بھیجا جائیگا۔ تحقیقات کی تکمیل کے بعد چارج شیٹ پیش کی جائے گی۔

 

انہوں نے بتایا کہ جن 5 افراد کو گرفتار کیا گیا انہیں کرائم نمبر 725/2023 کے سلسلہ میں کورٹ میں پیش کیا گیا ہے اور عدالتی تحویل میں دیدیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button