تلنگانہ

حج سوسائٹی نظام آباد کے زیر اہتمام عازمین حج کیلئے مفت میڈیکل سرٹیفکٹ کی اجرائی کیلئے کیمپ کا افتتاح

سٹی ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل بودھن روڈ نظام آباد سے عازمین حج رجوع ہوں۔ 

نظام آباد:7/فروری (اردو لیکس) حج سوسائٹی نظام آباد کے زیر اہتمام سٹی ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل بودھن روڈ نظام آباد کے اشتراک سے نظام آباد ضلع سے روانہ ہونے والے 350سے زائد عازمین حج کے مفت میڈیکل فٹنس سرٹیفکٹ کے 3روزہ خصوصی کیمپ کا آج شاندار پیمانے پر افتتاح عمل میں آیا۔ اس افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی سینئر کانگریس قائد مسٹر سید نجیب علی ایڈوکیٹ، محمد جاوید اکرم، صدر حج سوسائٹی نظام آباد مولانا شیخ اسماعیل عارفی،صدر جمعیۃ علماء ہند نظام آباد ضلع حافظ سید سمیع اللہ، سکریٹری محمد نصیر الدین موظف لکچرار،حج سوسائٹی کے ذمہ داران، محمد وسیم احمد خان، حافظ مظہر، محمد حامد علی، محمد ناصر، عبدالحمید ٹیچر، سینئر جرنلسٹ احمد علی خان اور سٹی ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل ایڈمنسٹریٹیو آفیسر مسٹر ایم اے حمید کے علاوہ عازمین حج مرد وخواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے رائج کردہ قوانین و شرائط کے مطابق ہر ایک عازمین حج کو سرکاری ڈاکٹر و میڈیکل آفیسر سے سی بی سی خون کا معائنہ، ای سی جی اور ایکسرے کی رپورٹ پر مشتمل میڈیکل سرٹیفکٹ داخل کرنے کا لزوم عائد کیا گیا ہے جس کے پیش نظر حج سوسائٹی نظام آباد نے سٹی ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل بودھن روڈ نظام آباد سے اس سلسلہ میں تعاون حاصل کیا جس پر ہاسپٹل اے او ایم اے حمید نے تمام مفت سہولتیں و خدمات فراہم کرتے ہوئے عازمین حج کو سرکاری میڈیکل آفیسر کے ذریعہ سرٹیفکٹ اجرائی عمل میں لانے سے اتفاق کیا جس کے پیش نظر آج بتاریخ 7/فروری بروز چہارشنبہ خصوصی کیمپ کا افتتاح عمل میں لایا گیا۔ جس میں کثیر تعداد میں مرد وخواتین عازمین حج نے شرکت کرتے ہوئے سرکاری میڈیکل سرٹیفکٹ حصول کے شرائط کے تحت تشخیص و معائنہ کروایا۔ اس موقع پر سینئر قائد کانگریس سید نجیب علی نے حج سوسائٹی نظام آباد کے بے لوث و مثالی خدمات پر بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کے عائد کردہ شرائط کے مطابق نظام آباد ضلع کے 350سے زائد عازمین حج کیلئے مفت میڈیکل سرٹیفکٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں خدمات انجام دے رہے قابل ستائش اقدام ہے۔ اس اقدام سے نظام آباد ضلع کے تمام عازمین حج کو سرکاری میڈیکل آفیسر کے ذریعہ سرٹیفکٹ حاصل کرنے میں کافی سہولت حاصل ہوگی۔ حج سوسائٹی خازن وسیم احمد خان نے بتایاکہ بودھن حلقہ سے وابستہ عازمین حج کیلئے میڈیکل سرٹیفکٹ کے حصول کے سلسلہ میں ڈاکٹر عبدالرحیم ایم ڈی سے ربط پیدا کرتے ہوئے بودھن میں ہی میڈیکل سرٹیفکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ 8اور 9/فروری کو سٹی ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل بودھن روڈ نظام آباد میں عازمین حج کیلئے میڈیکل سرٹیفکٹ کے حصول کیلئے بعد نماز ظہر 2بجے دن تا شام 5بجے تک عازمین حج رجوع ہوسکتے ہیں۔ عازمین حج اپنے ساتھ ایک عدد پاسپورٹ سائیز فوٹو ضرور ساتھ میں لائیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button