تلنگانہ

تلنگانہ میں آج اتوار کو سب انسپکٹرس کی ملازمتوں کیلئے امتحان _ ایک منٹ تاخیر پر امتحان لکھنے نہیں دیا جائے گا

آج سب انسپکٹر جائیدادوں کیلئے تحریری امتحان کا انعقاد

تمام انتظامات کو قطعیت، پولیس کمشنر کے آر ناگاراجو

نظام آباد:6/ اگست (اُردو لیکس)محکمہ پولیس کی جانب سے سب انسپکٹرس کی 554  ملازمتوں کیلئے اتوار (7/ اگست)کو منعقد ہونے والے پریلمنری (ابتدائی) امتحانات کے پرُ امن انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔ ان ملازمتوں کے لیے 2 کاکھ 47 سے زائد امیدوار امتحان لکھنے والے ہیں ایک منٹ تاخیر سے آنے والوں کو امتحان لکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

اسی دوران نظام کمشنر پولیس کے آر ناگاراجو نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ امتحانی مراکز کے حدود میں دفعہ 144 کا صبح 6 بجے تا شام 4بجے تک نفاذ رہیگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس امتحان میں 6684 امیدوار شرکت کررہے ہیں۔ امتحانی مراکز کے آس پاس کے تمام زیراکس سنٹرس، انٹرنیٹ سنٹرس، لاؤڈ اسپیکرس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ امتحانی مراکز کے حدود میں 500 میٹر کے حدود میں ہجوم اکٹھا نہیں ہونا چاہئے۔ امتحان کے اوقات کار صبح 10 بجے تا 1 بجے تک مقرر کئے گئے ہیں۔ کے آر ناگاراجو نے امیدواروں سے کہا کہ وہ امتحان کے آغاز سے قبل 9 بجے دن اپنے امتحانی مرکز پر پہنچ جائیں۔ ایک منٹ کی تاخیر پر امیدواروں کو امتحان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں رہے گی۔ امتحانی مراکز میں بیاگ، موبائیل فون، اسمارٹ فون، گھڑیاں، کیالکولیٹر اور دیگر الیکٹرانک اشیاء لے جانے کی اجازت نہیں رہے گی۔ امیدوار اپنے ہال ٹکٹ پر پاسپورٹ سائز فوٹو چسپاں کریں۔ امتحان کیلئے بائیو میٹرک حاضری (آدھار فنگر پرنٹ) کے ذریعہ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنریٹ کے حدود میں 16 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں 13 نظام آباد ٹاؤن میں اور 3 آرمور ٹاؤن میں قائم کئے گئے۔ نظام آباد ٹاؤن کے امتحانی مراکز الترتیب ویمنس کالج، ایس آر جونیئر کالج گنگاستھان، آر بی وی وی آر ہائی اسکول مبارک نگر، ٹکنالوجی اینڈ سائنس کالج بلاک A داس نگر، کیر ڈگری کالج بس اسٹانڈ،ایس ایس آر ڈگری کالج نزد راجیو گاندھی آڈیٹوریم، نشیتا ڈگری کالج،واگدیوی ڈگری کالج، گورنمنٹ گری راج کالج نظام آباد میں یو جی بلاک اور پی جی بلاک شامل ہے۔

 

آرمور ٹاؤن میں امتحانی مراکز سدھارتا ڈگری آرمور،گورنمنٹ ڈگری کالج پیپری، کشتریہ کالج آف انجینئر چے پورشامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طلباء کوویڈ قواعد کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کیلئے نظام آباد، آرمور بس اسٹانڈوں پر ہلپ ڈسک کا قیام عمل میں لایا گیا۔ امیدواروں کو کسی قسم کی مشکلات پیش آنے پر اسپیشل برانچ کنٹرول روم 94906-18000، 94913-98540پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امتحانات پرُ امن انعقاد کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے امیدواروں سے خواہش کی کہ وہ کسی کے لالچ میں آئے بغیر اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر اس تحریری امتحان کو تحریر کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button