نیشنل

خواتین پہلوانوں کے ساتھ جنسی ہراسانی کا معاملہ _ ایک ہفتہ دھرنا دینے کے بعد ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا  کے صدر و بی جے پی کے ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف مقدمہ درج

نئی دہلی _ 29 اپریل ( اردولیکس ڈیسک) خواتین پہلوانوں کے ایک ہفتے کے دھرنے کے بعد بالآخر ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا  کے صدر اور بی جے پی کے ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جمعہ کو دہلی کے کناٹ پلیس پولیس اسٹیشن میں دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ دہلی پولیس نے برج بھوشن کے خلاف پوکسو ایکٹ کے تحت ایک نابالغ پہلوان کے ساتھ جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دوسری ایف آئی آر دیگر 6 خواتین پہلوانوں کے جنسی استحصال کے الزام میں درج کی گئی ہے۔

21 اپریل کو ایک نابالغ سمیت 7 خواتین پہلوانوں نے برج بھوشن کے خلاف جنسی استحصال کی شکایت کی تھی۔ مقدمہ درج نہ ہونے پر پہلوانوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ سپریم کورٹ نے  پولیس کو  ڈبلیو ایف آئی صدر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی تھی۔

 

سماعت کے دوران پہلوانوں کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل نے عدالت میں کہا کہ خواتین پہلوانوں کو سیکورٹی فراہم کی جانی چاہئے اور ریٹائرڈ جج کو کیس کی نگرانی کرنی چاہئے۔ اس عرضی پر عدالت نے دہلی پولیس کو سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے پولیس کو آئندہ جمعہ تک حلف نامہ داخل کرنے کو کہا ہے۔ یہ بتانا ہوگا کہ اس نے کیا قدم اٹھایا۔ اگلی سماعت 17 مئی کو ہوگی۔

 

دوسری جانب ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ نے جمعہ کی شام نیوز ایجنسی اے این آئی سے بات چیت میں کہا کہ مجھے عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے۔ میں کہیں بھاگ نہیں رہا، اپنے گھر میں ہوں۔ میں دہلی پولیس کے ساتھ تعاون کروں گا۔ سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہو گا اس پر عمل کروں گا۔

 

اس سے قبل برج بھوشن شرن نے کہا تھا کہ اگر احتجاج کرنے والے پہلوان ان کا استعفیٰ قبول کرتے ہیں تو میں دے دوں گا۔ لیکن، میں بطور مجرم نہیں دوں گا۔ اب وہ کہیں گے کہ ان کا دور ختم ہو گیا، ان کے استعفے سے کیا ہو گا۔ اگر یہ کھلاڑی دھرنے سے اٹھ کر گھر واپس چلے جائیں، اپنی پریکٹس کریں تو میں  اپنا  استعفیٰ بھیج دوں گا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ریسلرز نے میڈیا سے بات کی۔ بجرنگ پونیا نے کہا کہ برج بھوشن کو فوراً جیل میں ڈال دیا جانا چاہیے۔ جب تک اسے جیل میں نہیں ڈالا جاتا ہم یہاں سے نہیں اٹھیں گے۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ کھلاڑیوں نے کوئی ثبوت نہیں دیا۔ ثبوت نہ دیئے جاتے تو سپریم کورٹ ایف آئی آر کا حکم نہ دیتی۔

 

ونیش پھوگاٹ نے کہا کہ  ایف آئی آر پہلے دن ہی ہو جانی چاہیے تھی۔ صرف ایف آئی آر سے کچھ نہیں ہونے والا۔ برج بھوشن کے خلاف پہلے ہی 85 سے زیادہ ایف آئی آر درج ہیں۔ انہیں ان کے عہدوں سے ہٹا کر جیل میں ڈالنا ہو گا۔ ہم اب کسی بھی کمیٹی یا دہلی پولیس کو کوئی ثبوت نہیں دیں گے۔ ہم عدالت میں ہی ثبوت دیں گے۔

 

رادھیکا سریمن کا کہنا ہے کہ صرف ایک لڑکی نے جنسی ہراسانی کی شکایت کی ہے۔ اگر ایسا ہے تو ایک لڑکی کی شکایت پر بھی مقدمہ درج ہونا چاہیے تھا۔ برج بھوشن کو فوری طور پر تمام عہدوں سے ہٹا دیا جانا چاہیے، کیونکہ وہ اپنے عہدوں کا غلط استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ لڑائی برج بھوشن کو سزا دلانے کے لیے ہے۔

 

ساکشی ملک نے کہا کہ ہمیں دہلی پولیس پر بھروسہ نہیں ہے۔ اب بھی سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ہم دہلی پولیس کا بھی تعاون کریں گے، لیکن ہماری بات سنی جائے۔ دھرنے میں ہمارے ساتھ بزرگ بھی شامل ہیں، اب دھرنا ختم کرنے یا جاری رکھنے کا فیصلہ سب کی رضامندی سے کیا جائے گا۔

 

ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے جنتر منتر پر پہلوان 7  دنوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔ جمعہ کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو، اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا، ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا، اداکار سونو سود اور اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر بھی پہلوانوں کی حمایت میں سامنے آئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button