جنرل نیوز

نیشنل پری میٹرک اسکالرشپس کو بحال کرنے کے لئے رکن راجیہ سبھا کے آ ر سریش ریڈی کو سمیر احمد ٹی آر ایس قائد کی یادداشت _ مرکزی حکومت سے نمائندگی کرنے کا مطالبہ

نظام آباد:2 / ڈسمبر (محمد یوسف الدین خان اردو لیکس)مرکزی حکومت کی جانب سے مسلم اقلیتی طلباء کی قومی پری میٹرک اسکالرشپ کو برخواست کرتے ہوئے اقلیتی طبقہ کے ساتھ شدید نا انصافی کی جارہی ہے سمیر احمد ضلع حرکیاتی قائد ٹی آرایس پارٹی نے جمعہ کے دن رکن راجیہ سبھا کے آر سریش ریڈی کی نظام آباد آمد کے موقع پر آراینڈ بی گیسٹ ہاؤز پر ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں تحریری نمائندگی حوالے کی اور پرُ زور مطالبہ کیا کہ راجیہ سبھا اجلاس میں اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے قومی پری میٹرک اسکالرشپ کو بحال کیا جائے۔

 

رکن راجیہ سبھا کے آر سریش ریڈی نے سمیر احمد کو تیقن دیا کہ مرکزی وزیر اقلیتی امور سمراتی ایرانی سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مسلم اقلیتی طلباء کے ساتھ انصاف کو یقینی بنائیں گے اور راجیہ سبھا میں اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے اقلیتوں اور سمیر احمد کے مطالبہ کو مرکزی حکومت تک پہنچایا جائیگا۔ سمیر احمد نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ صرف ضلع نظام آباد میں مرکزی پری میٹرک اسکالرشپ کیلئے( 14760) نئے درخواست گذار طلباء اور (20192) رینول درخواستوں کے منجملہ (34,952) مسلم اقلیتی طلباء پری میٹرک اسکالرشپ سے محروم ہونے کا خطرہ لاحق ہورہا ہے۔ , انہوں نے کہا کہ مرکزی بی جے پی حکومت ایک جانب سب کا ساتھ سب کا وکاس نعرہ لگاتی ہے دوسری جانب مسلم اقلیت کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے

 

سمیر احمد نے اسبات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت نے (73 )ویں یوم دستور ہند کے دن مسلم اقلیتی طلباء کو مرکزی پری میٹرک اسکالرشپ سے محروم کرنے کا جی او جاری کیا ہے جس سے مرکزی حکومت کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ سمیر احمد نے انتباہ دیا کہ اگر مرکز ی حکومت پری میٹرک اسکالرشپ کو برخواست کرنے کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار نہیں کرتی ہے تو جنتر منتر دہلی پر دھرنا دیا جائیگا۔ اس موقع پر سمیر احمد کے ہمراہ مرزا افضل بیگ تیجان سکریٹری سینئر سٹیزن ویلفئیر سوسائٹی محمد احمد سابقہ کارپوریٹر، عبداللہ، شکیل احمد، محمد عادل و دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button