جنرل نیوز

اشرف استھانوی کیلئے قرآن خوانی ودعائیہ مجلس کا اہتمام

اشرف استھانوی کی خدمات ناقابل فراموش، انہوں نے قلم وزبان سے دینی اداروں کو تقویت پہنچائی:عالم قاسمی

پٹنہ:بہار کے سینئر، مشہور اور بے باک صحافی اشرف استھانوی مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیہ نشست کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر حاضرین نے قرآن پاک کی تلاوت کرکے ان کیلئے ایصال ثواب اور ان کی مغفرت کی دعائیں کی۔ در یاپور جامع مسجد کے امام وخطیب ڈاکٹر مولانا محمد عالم قاسمی نے دعا کرائی، انہوںنے دعا سے قبل اپنے مختصر خطاب میں جناب اشرف استھانوی کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کے بلندی درجات کیلئے دعائیں کیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کے اندر تین بڑی خوبیاں تھیں، پہلی خوبی یہ تھی کہ وہ بے باک اور حق گو صحافی تھے۔ انہوں نے جس بات کو سچ سمجھا اسے بے خوف وخطر ہوکر لکھا اور کسی کی پرواہ نہیں کی، دوسری خوبی یہ تھی کہ انہوں نے کبھی علمائے کرام اور دینی اداروں کے خلاف ایک لفظ نہیں لکھا بلکہ انہوں نے ہمیشہ اپنے قلم وزبان سے دینی اداروں کو تقویت پہنچائی، تیسری خوبی یہ تھی انہوں نے جو کچھ کیا وہ ذاتی مفاد سے بلند ہوکر کیا، وہ نئی نسل کی آبیاری اور تربیت میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ اللہ انہیں اس کا بہتر بدلہ عطا فرمائے اور جنت کا مکین بنائے۔نوشاد عالم نے ان سے متعلق یادوں کو شیئر کرتے ہوئے کہاکہ ان سے میرا گہرا تعلق تھا، وہ مجھے جب جس کام کیلئے بولتے میں ہمیشہ تیار رہتا تھا، میں نے انہیں ہمیشہ مخلص اور وفادار پایا۔ صحافی کے ساتھ ساتھ وہ ایک بہترین اور باکردار انسان تھے، ان کے انتقال سے بہار کی اردو صحافت میں ایک خلاء پیدا ہوگیا ہے۔ ڈاکٹر نورالسلام ندوی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم اردو زبان اور اردو صحافت کے بے لوث خادم تھے، انہوں نے پوری زندگی قلم وقرطاس کی آبیاری میں گذاری۔ اردو زبان اور صحافت کے تعلق سے ان کے کارنامے لائق ستائش ہے، ان کو نئی نسل سے بڑی محبت تھی اور وہ ہمیشہ نئے لکھنے پڑھنے والوں کی حوصلہ افزائی اور قدر کیاکرتے تھے۔ قاری ایاز احمدنے کہاکہ اشرف استھانوی ملی وسماجی کاموں میں بھی پیش پیش رہا کرتے تھے، وہ دینی اداروں کی ترقی اوراس کو آگے بڑھانے کیلئے فکر کیا کرتے تھے،ان کوجامعہ مدنیہ سبل پور اور اس کے بانی حضرت مولانا محمد قاسم مرحوم سے بڑی محبت تھی۔ وہ ایک متحرک ، فعال اور سرگرم صحافی اور سماجی کارکن تھے، اردو کیساتھ ساتھ ہندی میں بھی صحافت کیا کرتے تھے۔ یحیٰ فہیم نے کہاکہ مرحوم میرے محسن تھے، وہ ہمدرد اور مخلص انسان تھے، ان کو مجھ سے بڑی محبت تھی اور ان کی بہت ساری کتابیں میں نے کمپوز کی ہے، وہ جس سے کام لیتے تھے تو اس کا معقول معاوضہ بھی دیا کرتے تھے۔ ضیاء الحسن نے کہاکہ وہ بے باک صحافی تھے انہوںنے اپنی صحافت کے ذریعہ اردو صحافت کو وقار واعتبار بخشا، انہوں نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی خدمات کو اجاگر کیا جائے اور اردو رسالے اور جرائد ان کے اوپر خصوصی گوشہ شائع کیاکرے۔

اس موقع پر عارف اقبال صحافی، احمد علی ، مبین الہدیٰ، مولانا محمد سعد قاسمی، حافظ عرفان دلکش، محمدمہزادوغیرہم نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button