جرائم و حادثات

مشہور ہونے کی ترکیب نے ایک فوجی اور اس کے ساتھی کو جیل بھیج دیا

حیدرآباد _ 27 ستمبر ( اردولیکس ڈیسک) مشہور ہونے کی ترکیب نے ایک فوجی اور اس کے ساتھی کو جیل بھیج دیا۔ پولیس نے بتایا کہ منگل کے روز کیرالا میں ایک ہندوستانی فوجی کو اس کے دوست کے ساتھ مبینہ طور پر 6 افراد کی جانب سے حملہ کرنے اور  اس کی پیٹھ پر "PFI” کے حروف پینٹ کرنے کے بارے میں جھوٹا بیان دینے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے ۔ کولم ضلع کے کداکل گاوں میں پولیس نے فوجی کی شکایت کی بنیاد پر ایک مقدمہ درج کیا تھا اور معاملے کے حقائق کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری تھیں۔

 

فوجی  شائن کمار نے دعویٰ کیا کہ اس کے گھر کے قریب جنگل میں چھ لوگوں کے ایک گروہ نے اس پر حملہ کیا۔ انہوں نے اس کے ہاتھ ٹیپ سے باندھے، اور اس کی پیٹھ پر سبز پینٹ سے "PFI” لکھا۔

 

ضلع کے ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ اس معاملے میں فوجی  شائن کمار  اور اس کے دوست جوشی کے بیانات قلمبند کئے گئے ہیں۔ ان کے بیان متضاد تھے گہرائی میں جانے پر پتہ چلا کہ فوجی نے خود حملہ کا ڈرامہ رچا تھا انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوجی  کے دوست نے تفتیش پر بتایا  کہ شائن کمار مشہور ہونا چاہتا تھا اور اس نے ہی مجھے حملہ کرنے کی ترغیب دی اور یہ سارا ڈرامہ انجام دیا ۔

 

افسر کا مزید کہنا تھا کہ فوجی  اس طرح کا جھوٹا بیان دینے کے لیے مختلف وجوہات بتا رہا ہے، اور ان کی تصدیق کرنی ہوگی۔پولیس نے فوجی کے دوست کے گھر سے واقعہ میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والا سبز پینٹ، برش اور ٹیپ بھی برآمد کیا۔ فوجی کے دوست نے میڈیا کو بتایا کہ کمار نے مشہور ہونے کے لیے ساری منصوبہ بندی کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button