گوا کی مندر میں بھگدڑ 6 ہلاک زائد از 50 زخمی

نئی دہلی: گوا کے علاقے شرگاؤں میں جمعہ کی شب مشہور مذہبی جلوس شری لیرائی جاترا کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور زائد از 50 زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری
طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ماپوسا کے گوا میڈیکل کالج اور شمالی گوا ڈسٹرکٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب جلوس کے دوران اچانک بھیڑ میں گھبراہٹ اور افرا تفری پھیل گئی، جس کے بعد لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر دوڑنے لگے۔ بے قابو بھیڑ میں متعدد افراد ایک دوسرے پر گر پڑے جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک جانی نقصان ہوا۔
گوا کے چیف منسٹر پرمود ساونت نے متاثرین کی عیادت کے لیے اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کے مفت علاج کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔
دوسری جانب وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس سانحے پر افسوس کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا:”گوا کے شرگاؤں میں بھگدڑ کے المناک واقعہ پر دل گرفتہ ہوں۔ مہلوکین کے ارکان خاندان سے
تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ مقامی انتظامیہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے۔”