نیشنل
کرناٹک: حجاب پر پابندی کا سرکولرمنسوخ کرنے پرغور۔ نصابی کتب میں تبدیلی سمیت تمام متنازعہ قوانین کو ختم کرنے کانگریس کا منصوبہ
کرناٹک میں نئی تشکیل شدہ کانگریس حکومت ریاست کے اسکولوں اور کالجوں میں حجاب پہننے پر پابندی سے متعلق محکمہ تعلیمات کے احکامات کو منسوخ کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ کرناٹک کے وزیر پرینک کھرگے نے خود اس کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت بجرنگ دل جیسی تنظیموں پر پابندی لگانے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گی اگر وہ ریاست میں امن و امان کو خراب کرتے ہیں۔ پرینک کھرگے نے کہا کہ نصابی کتب میں ترمیمات اور حجاب پرپابندی سے متعلق احکامات سمیت تمام تبدیلی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گائے کے ذبیحہ اور مذہب کی تبدیلی مخالف قوانین سمیت تمام قوانین کا جائزہ لیا جائے گا۔ پرینک کھرگے نے انکشاف کیا کہ اگر یہ قوانین متنازعہ یا ریاست کی شبیہ کے خلاف پائے گئے تو ہم انہیں منسوخ کرنے پر غور کریں گے۔