انٹر نیشنل

194 مسافربال بال بچ گئے، پرواز کے دوران کھل گیا تھا ہوائی جہاز کا دروازہ: ویڈیو دیکھیں

نئی دہلی: پرواز کے دوران جنوبی کوریا کے ہوائی جہاز کا دروازہ آسمان پر کھل گیا تاہم طیارے کو کامیابی کے ساتھ اتار لیا گیا۔ ایئر لائن اور سرکاری حکام نے بتایا کہ ایشیانا ایئر لائنز کی پرواز میں ایک مسافر نے دروازہ کھولا لیکن بعد میں طیارہ بحفاظت جنوبی کوریا کے ہوائی اڈے پر اتر گیا۔ وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا کہ جہاز میں سوار کچھ لوگوں نے اس شخص کو دروازہ کھولنے سے روکنے کی کوشش کی۔

طیارے میں جملہ 194 افراد سوار تھے۔ یہ طیارہ 194 افراد کو لے کر جنوبی جزیرے جیجو سے جنوب مشرقی شہر ڈائیگو جا رہا تھا۔ اس فاصلے کی پرواز میں عام طور پر تقریباً ایک گھنٹہ لگتا ہے اور دروازہ کب تک کھلا تھا اس کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے۔ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے دروازہ کھولنے والے نامعلوم شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس شخص کا دروازہ کھولنے کا کیا مقصد تھا، یہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا۔ طیارے کے مسافروں میں وہ کھلاڑی بھی شامل تھے جو جنوب مشرقی شہر السان میں ٹریک اینڈ فیلڈ مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے جا رہے تھے۔

ایشیانا اور وزارت ٹرانسپورٹ کے حکام نے بتایا کہ اس واقعے سے کچھ مسافر خوفزدہ ہوئے لیکن کوئی زخمی نہیں ہوا۔ایشیانا ایئر لائنز کے ترجمان نے بتایا کہ یہ واقعہ طیارہ لینڈ کرنے سے چند منٹ قبل پیش آیا۔ ایمرجنسی دروازے کے پاس بیٹھے ایک مرد مسافر نے ایک لیور کھینچا جس سے دروازہ کھل گیا۔ جب یہ واقعہ پیش آیا تو طیارہ زمین سے تقریباً 200 میٹر (656 فٹ) بلندی پر تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button