این آر آئی

اقامے میں نام غلط درج ہو جائے تو کیا کیا جائے۔جوازات کی وضاحت

ریاض ۔ کے این واصف

سعودی عرب میں برسرے کار غیر ملکی باشندوں کے اقامہ ( work permits) میں نام کے اندراج میں اکثر غلطی ہوتی ہے۔ اس میں سدھار سے متعلق سرکاری طور پر وضاحت جاری ہوئی ہے۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن (جوازات) کے قانون کے مطابق مملکت میں کام کرنے والے غیرملکیوں کے سپانسرز کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کی دستاویزات مکمل رکھیں۔
جوازات کے ٹوئٹرپراقامہ میں نام کی درستگی کے حوالے سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ اقامہ میں نام کی درستگی کےلیے جوازات کے کسی بھی قریبی دفتر سے پیشگی وقت حاصل کریں۔ وقت مقررہ پرکارکن کا اقامہ کارڈ ، پاسپورٹ بمعہ فوٹو کاپی اورمقررہ فارم بھرنے کے بعد جوازات کے دفتر سے رجوع کریں جہاں پیشگی وقت حاصل کیاگیاہے‘۔
’جس غیرملکی کارکن کےاقامے میں نام درست کرانا مقصود ہو اس کے لیے لازمی ہے کہ کارکن کا اسپانسرخود یا اس کی جانب سے مقرر کردہ نمائندہ جس کے پاس مصدقہ مختارنامہ (پاور آف اٹارنی ) ہو وہ ہی جوازات کے دفتر سے رجوع کرے‘۔
واضح رہےجوازات کے قانون کے مطابق کارکن خود اپنے اقامے، خروج عودہ یا فائنل ایگزٹ وغیرہ کے لیے جوازات کے کسی بھی دفترسے رجوع کرنے کا اہل نہیں ہوتا۔
لازمی ہے کہ کارکن کا اسپانسر یا اس کی جانب سے مقررکردہ ایسا شخص جس کے پاس اسپانسر یعنی کفیل کی جانب سے جاری کردہ مصدقہ پاورآف اٹارنی ہو وہ جوازات سے رجوع کرے۔
البتہ کارکن اپنے اہل خانہ کے معاملے کی انجام دہی کےلیے جوازات کے دفتر سے براہ راست رجوع کرسکتا ہے۔ کیونکہ کارکن اپنے اہل خانہ کا کفیل ہوتا ہے اس لیے وہ اپنے اہل خانہ کے اقامہ کے اجرا ، تجدید ،خرو ج وعودہ یا خروج نہائی کے اجرا ودیگر معاملے کی انجام دہی کےلیے جوازات کے دفتر سے رجوع کرنے کا اہل ہوتا ہے۔
اس امر کا بھی خیال رکھاجائے کہ پرنٹ ہونے والا نیا اقامہ کارڈ جوازات کے اہلکار سے وصول کرتے ہی کارڈ کے اندراجات کا جائزہ لیا جائے۔ اگر نام میں کسی قسم کی کمی وبیشی ہو یا درست طورپردرج نہ ہوا ہوتو اسپانسر یا اس کے مقرر کردہ نمائندے کو چاہئے کہ وہ فوری طورپراسی وقت غلط اندراج کی نشاندہی کرکے اسے درست کروائے بصورت دیگر دبارہ ان ہی مراحل سے گزرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button