تلنگانہ

تلنگانہ اردواکیڈیمی کا اردو اخبارات کے ساتھ سوتیلا سلوک‘ دھرنا اوربھوک ہڑتال کااعلان

 اسمال پرنٹ میڈیااسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں قراردادمنظور

حیدرآباد۔ (پریس نوٹ) تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے اردو کے ساتھ ناروا سلوک کرنے اور اردو کے چھوٹے اخبارات کو مالی اعانت جاری کرنے میں ٹال مٹول کرنے کے خلاف اسمال پرنٹ میڈیا اسوسی ایشن کی جانب سے ایک ہنگامی اجلاس اسوسی ایشن کے صدر دفترعثمان پورہ ، چادرگھاٹ میں عمل میں آیا۔ اجلاس سید عبدالصمد نیازی صدر اسمال پرنٹ میڈیااسوسی ایشن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

 

جس میں قرارداد بھی منظور کی گئی۔ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے اردو کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف عنقریب بھوک ہڑتال کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ اسمال پرنٹ میڈیا اسوسی ایشن کے تمام ذمہ داران اور ممبران کے علاوہ دیگرصحافی برادری کثیرتعدادمیں اس بھوک ہڑتال اور احتجاجی پروگرام میں حصہ لے گی۔تین سال سے اردو اخبارات کو مالی اعانت برابر نہیں دی جارہی ہے۔

 

تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے بجٹ کی اعلیٰ سطحٰی تحقیقات کرائی جانی چاہئے۔ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے جو عہدیدار اردو کے چھوٹے اخبارات کے خلاف کام کررہے ہیں ان کا تبادلہ کیا جانا چاہئے جو کئی سالوں سے اپنے عہدہ پر موجود ہیں۔ اردو اکیڈیمی کے بعض افراد موجودہ کانگریس حکومت کو بدنام کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ رمضان میں چھوٹے اخبارات کو مالی اعانت کی جاتی تھی ایک رمضان چلا گیا اور دوسرا رمضان بھی گزررہا ہے اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہاہے کہ ابھی تک امداد جاری نہیں کی گئی۔ متعلقہ وزارت اقلیتی بہبود، وزراء اور حکومت تلنگانہ کو فوری اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ لہٰذا حکومت کو خاص طور پر وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور متعلقہ وزیر اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں محمد علی شبیر کو فوری اس جانب توجہ دینا چاہئے

 

اور اردو اکیڈیمی کی اسکیمات کو فوری جاری کرنا چاہئے۔ اردو اکیڈیمی پر حکومت کی سخت نگرانی ہونی چاہئے تاکہ اردو اکیڈیمی اپنے کام یعنی اردو کے فروغ میں صحیح طریقے سے اپنے فرائض انجام دے سکے۔ رمضان المبارک کے اختتام سے قبل امداد کو یقینی بنانے کی اپیل کی گئی تاکہ چھوٹے اخبارات کے مدیران بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکے۔ اس موقع پر اسمال پرنٹ میڈیا اسوسی ایشن کے ذمہ داران ، اراکین اور متفقین کی کثیرتعداد موجود تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button