حضرت مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب کا سانحہ ارتحال – قوم ایک مفکر، ایک رہنماء سے محروم، محمد تقی حسین کنوینر ملی محاذ کا اظہار تعزیت

حضرت مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب کا سانحہ ارتحال – قوم ایک مفکر، ایک رہنماء سے محروم، محمد تقی حسین کنوینر ملی محاذ کا اظہار تعزیت
محبوب نگر : 07 نومبر (اردو لیکس)حضرت مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو درازرحمتہ اللہ علیہ گلبرگہ شریف کے سانحہ ارتحا ل ملت اسلامیہ کا عظیم نقصان ہے ان خیالات کا اظہار محمد تقی حسین تقی کنوینر ملی محاذ نے صحافت کو جاری ایک تعزیتی پیام میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حضرت مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب ایک عظیم اور جلیل القدر شخصیت کے حامل تھے آپ کا تعلق تصوف، علم و عرفان اور دینی خدمات سے تھا۔ جس طرح آپ کا خاندان صدیوں سے اسلامی علوم اور تصوف کا مرکز رہا ہے اور آپ نے بھی اس علمی اور روحانی ورثے کو آگے بڑھایا۔حضرت مولانا شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب نے اپنی زندگی کو دینی تعلیمات، اسلامی فقہ، اور تصوف کی روشنی پھیلانے میں گزارا۔تقی حسین نے بتایا کہ آپ کی قیادت میں گلبرگہ شریف نے نہ صرف ایک روحانی مرکز کا کردار ادا کیا بلکہ ایک تعلیمی مرکز کے طور پر گلبرگہ کو مقام دلوانے میں مرحوم کی بیش بہا خدمات قابل ذکر ہیں آپ کی سجادہ نشینی کا عہد ایک عظیم علمی اور روحانی مشن کی تکمیل کا باعث تھا، جس میں آپ نے لوگوں کی اصلاح، تعلیم، اور روحانی ترقی کے لیے بے شمار خدمات انجام دیں۔ آپ کی تعلیمات، وعظ، اور علمی محافل لوگوں کے لیے ہمیشہ مشعل راہ ثابت ہوئیں اور آپ کے شاگردوں اور مریدین کی ایک بڑی تعداد آپ کی رہنمائی سے مستفید ہوتی رہی۔آپ ہی کے دور میں خواجہ بندہ نواز ایجوکیشنل سوسائٹی کو یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہوا۔ جو کہ ملک بھر میں کسی بھی درگاہ کے تحت قائم کی جانے والی پہلی یونیورسٹی ہے۔آپ کے والد گرامی نے قریب 50 برس قبل اس تعلیمی مہم کا آغاز کیا تھا آپ نے اسے عروج کمال تک پہنچایا۔آپ کے سانحہ ارتحال سے گلبرگہ بلکہ پورے ملک میں دینی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ محمد تقی حسین نے مزید کہا کہ آپ کی وفات نے ایک عظیم عالم، مفسر، اور روحانی رہنما کو کھو دیا لیکن آپ کی تعلیمات اور خدمات نے جو انمٹ نقوش چھوڑے ہیں وہ ملت اسلامیہ کی رہنمائی کرتے رہینگے۔ محمد تقی حسین نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ کی عوام بھی آپ کے فیوض سے سرفراز ہوتی رہی ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تبارک و تعالی آپ کی کامل مغفرت فرماتے ہوئے آپ کے درجات کو بلند کرے اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین