جنرل نیوز

نوآبادیات کی وجہ سے دنیا میں انگریزی کی اہمیت کہانیوں کی کتابیں انگریزی سیکھنے میں معاون۔ کتاب کی رسم اجرا تقریب سے ماہرین کا خطاب

حیدرآباد۔20 اکتوبر (پریس نوٹ) انگریزی ایک عالمی زبان ہے اور اس کا سیکھنا جدید دور میں سب کے لئے لازمی ہوگیا ہے۔ انسان اپنے حکمرانوںکی زبان اختیار کرتا ہے۔ انگریزی نوآبادیات کی وجہ سے دنیا کے درجنوں ممالک میں انگریزی بولی اور سمجھی جاتی ہے اور سرکاری سطح پر استعمال ہوتی ہے۔

 

بنیادی طور پر تقریباً 200 ممالک میں صرف پانچ ملک ایسے ہیں جہاں انگریزی بولنے والے اصل افراد رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول اساتذہ و پروفیسرس نے کیا۔ وہ ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں انگریزی بول چال کی ایک کتاب ایزی پرائمری انگلش کی رسم اجرا تقریب میں خطاب کررہے تھے۔ یہ کتاب محمد اکبر علی خان نے آسان زبان اور انداز میں رومن رسم الخط میں ترجمہ کے ساتھ تحریر کی ہے۔ ڈان گروپ آف انسٹیٹیوشنس کے صدر نشین جناب فضل الرحمن خرم کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں امریکہ سے فارغ التحصیل بیریارٹرک فزیشن ڈاکٹر صادقہ امیمہ بابر نے اس کتاب کی رسم اجرا انجام دی۔

 

شہر کے 125سال قدیم مدرسہ اشرف المدارس کے سربراہ ایم ایم انور نے اپنے خطاب میں انگریزی کے ساتھ ساتھ مادری زبان اور عربی زبان کی اہمیت پر زوردیا۔ ماہر امراض نسواں ڈاکٹر شمیم سلطانہ نے بھی شرکت کی۔ مختلف ماہرین نے اس کتاب کی ستائش کی اور اسے انگریزی بول چال سیکھنے کے لئے ممد و معاون قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کہانیاں اور کامکس کی کتابیں انگریزی سیکھنے میں مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے انگریزی بول چال کے لئے کسی کے ساتھ مستقل بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔ اکبر علی خان نے رسم اجرا تقریب کے اہتمام کے لئے ڈان اسکول انتظامیہ بالخصوص

 

جناب فضل الرحمن خرم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر فلسطین کے بارے میں ایک ڈرامہ ریچل پیش کیا گیا جسے مہمانان ، طلبہ و اساتذہ کی پذیرائی حاصل ہوئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button