جنرل نیوز

دلت مسلم اکثریتی وارڈوں پر مجلس نے بنائی انتخابی حکمت عملی

مجلس اتحاد المسلمین پوری منصوبہ بندی کے ساتھ دہلی ایم سی ڈی الیکشن میں اترنے جا رہی ہے :امتیاز جلیل

نئی دہلی :دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ اورنگ آباد سے ممبر پارلیمنٹ و دہلی انچارج امتیاز جلیل اور دہلی صدر کلیم الحفیظ نے آج نئی دہلی میں واقع نیو مہاراشٹر سدن میں پارٹی کارکنان کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی جس میں آئندہ ایم سی ڈی الیکشن کو دھیان میں رکھتے ہوئے کئی اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا. اس موقع پر امتیاز جلیل نے کہا کہ مجلس دہلی ایم سی ڈی انتخابات دہلی مجلس صدر کلیم الحفیظ کی قیادت میں پوری طاقت کے ساتھ لڑیگی. انہوں نے کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات کو انتہائی اہم سمجھتی ہے، صوبہ میں مسلمانوں کی پندرہ فیصد آبادی ہے مگر افسوس کہ انکی اپنی سیاسی جڑیں انتہائی کمزور ہیں، کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے ہمیشہ ان کا ووٹ حاصل کیا مگر کبھی انھیں پسماندگی کی دلدل سے سے نکالنے کا نہ تو کوئی منصوبہ بنایا اور نہ ہی آبادی کے تناسب سے انہیں نمائندگی دی. انہوں نے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین پوری منصوبہ بندی کے ساتھ دہلی الیکشن میں اترنے جا رہی ہے اب کسی کو مسلمانوں اور دلتوں کے سیاسی استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی . دہلی صدر کلیم الحفیظ نے کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لئے ہمنے پوری طرح کمر کس لی ہے پارٹی مسلم اکثریتی وارڈوں کے علاوہ دلت مسلم اکثریتی وارڈوں میں پوری طاقت سے مقابلہ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے ناموں کے اعلان کے ساتھ ساتھ پارٹی جلد ہی ایک بڑا اعلان کر سکتی ہے جو عام آدمی پارٹی، کانگریس اور بی جے پی کی صفوں میں ہلچل پیدا کرنے والا ہوگا۔ انہوں نے صوبہ کے جملہ عہدے داران و کارکنان سے اپیل کی وہ پورے جوش و جزبہ کے ساتھ اپنے کام میں لگ جائیں تاکہ انتخابات میں بہتر نتیجہ اخذ کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button