ایجوکیشن

شہر حیدرآباد کے نامور معلم جناب محمد معیز الدین وظیفہ حسن پر سبکدوش _ ایس ٹی یو اور دیگر انجمنوں کے قائدین و اساتذہ کی جانب سے گل پوشی۔

شہر حیدرآباد کے نامور معلم اور گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول کندیکل گیٹ بنڈلا گوڑا منڈل کے صدر مدرس جناب محمد معیز الدین صاحب آج اپنی 28 سالہ خدمات انجام دینے کے بعد وظیفے حسن پر سبکدوش ہوئے ہیں ۔

 

آنجناب کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں آج ایک وداعی تقریب اسکول کے احاطے میں منعقد کی گئی ،ناظم جلسہ جناب سید ندیم اختر صاحب نے شہر کے مختلف منڈلوں سے تشریف لائے اساتذہ اور مختلف یونین کے قائدین کا استقبال کیا اور ہر ایک کو فرداً فرداً اظہار خیال کے لیے دعوت دی اس موقع پر ہر فرد نے جناب محمد معیز الدین صاحب کی گراں قدر تعلیمی خدمات ،تنظیمی صلاحیتوں ،مسلسل جدوجہد، کام کرنے کا جذبہ ،طلبہ کے مستقبل سنوارنے کی فکر، سرکاری مدارس کے تنظیمی امور کی بہتری اور ریاضی کے ایک بہترین معلم اور ان کی ملنسار شخصیت سے متعلق اظہار خیال کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بعد ازاں جناب شاہد علی حسرت نے معیز الدین صاحب کی خدمت میں اپنا سپاس نامہ پیش کیا جس میں آپ کی تعلیم پہلا اسکول تعلیمی خدمات تنظیمی امور اور طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے کیے جانے والے کام کا بھرپور تبصرہ شامل تھا۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے معیز الدین صاحب نے کہا کہ مجھے اسکول کے اساتذہ سے ہمیشہ محبت اور تعاون ملا ہے۔ میں جو کچھ کرسکا اس میں میرے اسکول کے ساتھیوں کا تعاون ہمیشہ شامل حال رہا ہے۔ میں اپنے ساتھیوں اور شاگردوں کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں۔ اسکول سے تعلق ٹوٹنے کا عمل بڑا جاں گسل ہوتا ہے۔ میں آج اسی کرب سے گزر رہا ہوں۔ مجھے اپنی سبک دوشی سے زیادہ اپنے ساتھیوں سے بچھڑنے کا غم ہے۔

 

معیز الدین صاحب نے کہا کہ مجھ ناچیز کے لیے اساتذہ نے جس خلوص اور محبت کا اظہار کیا ہے اس کی ممنونیت کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ انہوں نے اپنے کامیاب تعلیمی سفر و تنظیمی امور کی انجام دہی میں جناب سید ندیم اختر صاحب کی دیرینہ رفاقت کو اپنے لیے ایک اعزاز بتایا اور دیگر اسٹاف کی جانب سے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ طلبہ اساتذہ اور مختلف یونین کے قائدین کی جانب سے گل پوشی شال پوشی کی گئی اور بہتر صحت کے لیے دعائیں دی گئی۔

 

اس موقع پر ڈپٹی ایجوکیشن افیسر جناب آدتیا وردھن، جناب محمد معراج الدین ،جناب سبّا راؤ، جناب محمد واجد علی، جناب سید صلاح الدین ، جناب محمد عبدالرشید، جناب محمد عبدالباری جناب محمد معین الدین، جناب محمد فیاض الدین،جناب محمد ریاض الدین، جناب محمد احمد خان ، جناب سید رحمت اللہ ، جناب محمد حفیظ جناب محمد عبدالجبار،جناب محمد افضل نواز خان،جناب محمد عبدالرحمن،جناب محمد منصور، جناب سیف اللہ ،جناب محمد رفیع الدین، جناب محمد رحمت اور دیگر اساتذہ اکرام کی کثیر تعداد شریک تھی ۔

 

اعزازی جلسہ کی کارروائی جناب سید ندیم اختر صاحب نے انجام دی اور اسٹاف نے اظہارِ تشکر کیا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button