مدینہ منورہ “ریاض الجنہ” میں نوافل کی ادائیگی۔ انتظامیہ نے نئے اوقات کی تفصیلات جاری کیں ریاض ۔ کے این واصف

ریاض ۔ کے این واصف
زائرین مدینہ منورہ نئے اوقات اور ضوابط کی تفصیلات نوٹ فرمائیں۔ ادارہ امور حرمین شریفین نے مسجد نبوی الشریف میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت اور “ریاض الجنہ” میں نوافل کی ادائیگی کے نئے اوقات و ضوابط جاری کئے گئے ہیں۔
ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے لیے “نسک” پورٹل کے ذریعے پرمٹ جاری کرایا جائے گا جو 365 دنوں میں ایک بار ممکن ہوگا۔سعودی خبررساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے زائرین کی سہولت کےلیے ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے لیے فوری پرمٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
فوری پرمٹ کا حصول اسی صورت میں ممکن ہے جب زائر مسجد نبوی الشریف کے بیرونی مرکزی دروازے کے قریب ہو اور وہاں رہتے ہوئے پرمٹ کے لیے نسک پورٹل پر خود کو رجسٹرکرائے اس صورت میں بھی پرمٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ ریاض الجنہ کے مسجد نبوی الشریف کے جنوبی سمت میں گیٹ نمبر 37 سے داخل ہونے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کا مقصد زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب حرمین کی انتظامیہ نے مرد وخواتین زائرین کی سہولت کےلیے روضہ شریفہ کی زیارت کے نئے اوقات بھی جاری کیے ہیں جن کے مطابق مردوں کےلیے روزانہ کی بنیاد پر زیارت کا آغاز نصف شب کے بعد یعنی 2 بجے سے ہوگا جو نماز فجر تک جاری رہے گا۔مردوں کے لیے روضہ شریفہ کی زیارت کا دوسرا وقت دن کے 11 بجے سے عشاء کی نماز تک مقرر کیا گیا ہے۔ اس دوران مرد روضہ مبارکہ پر سلام عرض کرسکیں گے۔
نماز فجر کے بعد مردوں کے لیے زیارت کا وقفہ ہوگا اس دوران خواتین زائرین کےلیے زیارت کا وقت شروع ہوگا جو نماز فجر کے فوری بعد سے دن کے 11 بجے تک بعدازاں نماز عشاء سے رات 2 بجے تک ہوگا۔
جمعہ کے روز مردوں کے لیے نصف شب کے بعد رات دو بجے سے فجر کی نماز تک بعدازاں صبح 9 بج کر 20 منٹ سے 11 بج کر 20 منٹ تک جاری رہے گا ۔
مرد زائرین کے لیے نماز جمعہ کے بعد سے نماز عشاء تک کے اوقات میں زیارت روضہ شریفہ کی جاسکے گی۔
خواتین زائرین کےلیے بھی جمعہ کے لیے اوقاتِ زیارت روضہ رسول ﷺ میں تبدیلی کے بعد نئے اوقات اس طرح ہوں گے نماز فجر کے فوری بعد سے لے کر صبح کے 9 بجے تک بعدازاں نماز عشاء کے بعد سے رات کے 2 بجے تک زیارت کی جاسکے گی۔ادارے کا کہنا ہے کہ معمر اور بیمارزائرین کےلیے ویل چیئر کے ساتھ داخل ہونے کی سہولت مہیا کی گئی ہے جس کے لیے الگ ٹریک موجود ہیں۔
ریاض الجنہ یا روضہ شریفہ کا مجموعی رقبہ 330 مربع میٹر ہے جس کی لمبائی 22 میٹر اور چوڑائی 15 میٹرہے۔



