جنرل نیوز

عادل آباد میں جماعت اسلامی ہند کا "حالات حاضرہ اور ہماری ذمہ داریاں” پر اجتماع کا کامیاب انعقاد

عادل آباد 7 فروری ( اردولیکس) جماعت اسلامی ہند عادل آباد کے زیرِ اہتمام 5/ فروری بروز اتوار بعد نماز ظہر جامع مسجد عادل آباد میں بعنوان "حالات حاضرہ اور ہماری ذمہ داریاں "پر ایک عظیم الشان اجتماع کا کامیاب انعقاد عمل میں لایا گیا۔اس خطاب عام میں جناب حامد محمد خان صاحب امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس خطاب عام کا آغاز حکیم صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب حامد محمد خان صاحب امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے کہا کہ آج کے اس دور میں باطل طاقتیں جدید ترین حربے استمعال کرتے ہوئے مسلمانوں کے اندر ڈر اور خوف کا ماحول پیدا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب فسادات کروائے جاتے تھے جس کے نتیجہ میں کچھ دن حالات اور روزگار مشکل ہوجاتا تھا۔ مگر رفتہ رفتہ حالات معمول پر آجاتے تھے۔لیکن آج جب کہ چور کے ہاتھ میں چابی ہے اسلئے اس حربہ کا استعمال کر کے باطل قوتیں اپنے آپ کو اس الزام سے پاک رکھنے کی کوشش کررہی ہیں۔آج سماج میں بٹوارے کے ذریعہ اپنا کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سماج میں ہندو مسلم بستیاں الگ،اسکول الگ، کاروباری ادارے الگ الگ کردئے گئے ہیں۔جس کے نتیجہ میں آپس میں دوریاں بڑھ رہی ہے۔اس کے نتیجہ میں آپسی اعتماد ختم ہو رہا ہے۔اور یہی چیز نفرت کا باعث بن رہی ہے۔امیر حلقہ نے کشتی کی مثال دیتے ہوئے سمجھایا کہ لاکھ طوفان آئے کشتی دریا یا سمندر میں ڈولتے رہتی ہے۔مگر ڈوبتی نہیں ہے جب تک کہ اس کے اندر سوراخ نہ ہو جائے ۔اب اس کشتی کو ڈوبنے سے بچانے کے لئے اس سوراخ کا بند کرنا ضروری ہوتا ہے اسی طرح ملت اسلامیہ کی اپنی بقا کے لئے کسی بیرونی سدھار کی نہیں بلکہ خود اپنی صفوں میں اصلاح کی ضرورت ہے ۔

 

انہوں نے زور دیا کہ ملت اسلامیہ جب تک اپنا بھولا ہوا سبق یاد کر کے اللّه کی کتاب سے اپنا رشتہ دوبارہ جوڑ نہیں لیتی ملت کی اس حالات میں سدھار ممکن نہیں ہے ۔ مثلاً انہوں نے ملت کو بتایا کہ مکہ مکرمہ کے بہت خراب حالات میں بھی اللہ تعالیٰ نے سورۃ المؤمنون میں کامیاب ہوگئے مومن کہا اور ڈر اور خوف کی نفسیات سے بچایا۔ انہوں نے ملت کو متحد رہنے کا سبق دیا۔ اور اسلام کی دعوت، اشاعت،تبلیغ،اقامت کا کام انجام دینے کی ہدایت دی۔محمد عتیق َالرحمان نےنظامت کی ذمہ داری بحسن وخوبی انجام دی۔اس موقع پر تنویر احمد ناظم ضلع جماعت اسلامی ضلع عادل آباد کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button