کھمم میں جمعیت العلماء کی جانب سے موم بتی ریالی، دہشت گردی کے خلاف شدید مذمت

.کھمم: کشمیر کے پہلگام میں بھارتی سیاحوں پر دہشت گرد حملے کے خلاف جمعیت العلماء ضلع کھمم کی جانب سے ایک موم بتی ریالی نکالی گئی۔ اس ریالی میں شہر کے علماء، حفاظ، ائمہ مساجد، دانشوران اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ریالی کا آغاز کھمم اردو گھر شادی خانہ سے ہوا اور یہ قدیم آر ٹی سی بس اسٹینڈ تک نکالی گئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے خاموش احتجاج درج کرایا اور دہشت گردوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر مولانا محمد سعید احمد قاسمی صدر جمعیت العلماء ضلع کھمم اور مفتی جلال الدین قاسمی سکریٹری جمعیت العلماء ضلع کھمم نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔”
انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پہلگام کے دہشت گردوں کو سخت ترین سزا دی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے مرنے والے سیاحوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے امن و امان کو خراب کرنے کے لیے یہ ایک گہری سازش ہے۔
محمد اسعد، ماہر تعلیم اور صدر مسلم حقوق احتجاجی سمیتی تلنگانہ و آندھراپردیش نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں کہ کشمیر میں مکمل امن قائم ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہتے سیاحوں پر دہشت گردوں نے گولیاں چلا کر انہیں موت کی نیند سلادیا۔ سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز، آرمی اور خفیہ ایجنسیاں کیا کر رہی ہیں؟
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت اس واقعے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔
اس موقع پر کھمم شہر کی مساجد کے علماء، حفاظ، مسجد کمیٹیوں کے ذمے داران، دانشوران اور مختلف تنظیموں کے نمائندگان بڑی تعداد میں موجود تھے۔