جنرل نیوز

عادل آباد مجلس اتحادالمسلمین کے وفد کی ضلع ایس پی سے ملاقات ۔ عیدالاضحی کے پیش نظر شرپسند عناصر پر لگام کسنے کا کیا مطالبہ

عادل آباد۔8/مئی (اردو لیکس) صدر کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدر آباد الحاج جناب بیرسٹر اسد الدین اویسی کی ہدایت اور جعفر حسین معراج رکن اسمبلی حلقہ یاقوت پورہ کی نگرانی میں مجلسِ اتحاد المسلمین کا ایک وفد عادل آباد ضلع پولیس دفتر میں ایس پی ضلع عادل آباد اکھل مہاجن سے ملاقات کے لیے پہنچا۔ اس ملاقات میں عیدالاضحی کے پیش نظر امن و امان کی برقراری، جانوروں کے تحفظ اور غیر سماجی عناصر کی جانب سے گاؤ رکھشک کے نام پر پیدا کی جانے والی تشویش کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

 

مجلسِ اتحاد المسلمین کے وفد کی قیادت نذیر احمد، صدر ٹاؤن مجلس عادل آباد نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایس پی عادل آباد سے درخواست کی کہ عیدالاضحی کے دوران جانوروں کی خرید و فروخت کے سلسلے میں ضلع مستقر عادل آباد میں بڑے پیمانے پر جانور لائے جاتے ہیں اور اس دوران گاؤ رکھشکوں کی جانب سے کاروباری افراد اور جانوروں کو منتقل کرنے والوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، جس سے امن و امان کے حوالے سے خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔ نذیر احمد نے ایس پی سے کہا کہ ضلع بھر کے پولیس اہلکاروں کو جانوروں کے تحفظ کے حوالے سے ہدایات دیں اور پولیس پکیٹ/پولیس بندو بست/پولیس کی تعیناتی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ عادل آباد کا امن و امان خراب نہ ہو۔ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے مجلسی وفد کی درخواستوں پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے انہیں ہر ممکن سیکورٹی فراہم کرنے اور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر سابق ٹاؤن صدر سراج قادری، سینئر قائد سید عنایت چشتی، سابق وارڈ نمبر 11 کونسلر شاہ نواز الرحمان، سابق نمائندہ کونسلر محمد روہیت، سید ارشد اور دیگر مجلسی قائدین بھی موجود تھے۔ایس پی عادل آباد نے مجلسی وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button