جرائم و حادثات

تلنگانہ کے بھونگیر ضلع میں اتفاقی طور پر ٹرین سے گر کر شوہر بیوی ہلاک – دو ماہ پہلے ہی ہوئی تھی شادی

تلنگانہ کے بھونگیر ضلع کے ونگاپلی–آلیر ریلوے روٹ پر جمعرات کی آدھی رات ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جس میں چلتی ٹرین سے پھسل کر گرنے کے باعث ایک نو بیابتا جوڑا موقع پر ہی  فوت ہوگئے

 

مقامی افراد کے مطابق، مچھلی پٹنم ایکسپریس ٹرین سے حادثاتی طور پر گرنے سے یہ المناک واقعہ پیش آیا۔ ریلوے پولیس نے مہلوکین کی شناخت آندھرا پردیش کے پاروتی پورم منیم ضلع کے گارگوبِلی منڈل، راوپلی گاؤں سے تعلق رکھنے والے سمہاچلم (25) اور اسی ضلع کے انکوارم گاؤں کی رہنے والی بھوانی (19) کے طور پر کی ہے۔

 

بتایا گیا ہے کہ دونوں کی شادی کو ابھی صرف دو ماہ ہی ہوئے تھے۔ سمہاچلم حیدرآباد کے مضافاتی علاقے میں ایک کیمیکل فیکٹری میں اپنے رشتہ داروں کے ساتھ کام کر رہا تھا۔ یہ جوڑا وجئے واڑہ میں واقع اپنے گھر جانے کے لئے جمعرات کی رات سکندرآباد سے مچھلی پٹنم ایکسپریس میں سوار ہوا تھا۔

 

ٹرین کے ونگاپلی ریلوے اسٹیشن سے آگے بڑھنے کے بعد جب دونوں دروازے کے قریب کھڑے تھے، اسی دوران توازن بگڑنے سے حادثاتی طور پر نیچے گر پڑے۔ شدید چوٹیں آنے کے باعث دونوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

 

ریلوے پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد دونوں کی نعشیں ان کے آبائی گاؤں منتقل کی گئیں

متعلقہ خبریں

Back to top button