ایم ایس کے بانی و چیرمین محمد لطیف خان کی خدمات کا قومی سطح پر اعتراف: 2025 کے سب سے زیادہ با اثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل

حیدرآباد، پریس ریلیز 10 جنوری– ممتاز ماہرِ تعلیم اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ میموری ٹرینر محمد لطیف خان، جو میموری خان کے نام سے معروف ہیں، کو دی ہنڈرڈ موسٹ انفلوئنشل انڈین مسلمز – 2025 کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ باوقار فہرست معروف آزاد اور غیر منافع بخش نیوز پلیٹ فارم مسلم مرر کی جانب سے شائع کی گئی ہے، جس میں ملک کے 100 سرکردہ مسلم قائدین، سماجی مصلحین اور وژنری شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
مسلم مرر 100 کے عنوان سے مرتب سال 2025کےسب سےبااثرشخصیات کی فہرست میں سیاست، تعلیم، صنعت، فلاحی خدمات، ثقافت اور عوامی زندگی سے وابستہ نمایاں شخصیات شامل ہیں ان میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکنِ پارلیمنٹ اسد الدین اویسی، مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی ، جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی، معروف صنعت کار اور مخیر حضرات ڈاکٹر حبیب کھوراکی والا اور عظیم پریم جی، نیز معروف شخصیات جرنلسٹ عارفہ خانم شیروانی، تعلیم داں فیصل خان عرف خان سر شامل ہیں۔ اس فہرست کا مقصد اُن افراد کی خدمات کو اجاگر کرنا ہے جو ہمارے ملک کے سماجی، تعلیمی اور فکری منظرنامے کو مثبت سمت دے رہے ہیں۔
اس فہرست کا اجراء ویب سائٹ www.the100indianmuslims.com
پر کیا گیا۔ محمد لطیف خان کو 100 ممتاز شخصیات میں شامل کرتے ہوئے مسلم مرر نے لکھا کہ محمد لطیف خان ایک ممتاز ماہرِ تعلیم، وژنری رہنما اور بین الاقوامی طور پر مصدقہ میموری ٹرینر ہیں۔ وہ حیدرآباد میں قائم ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی اور چیئرمین ہیں۔ ان کی قیادت میں اکیڈیمی نے میموری کے جدید سائنسی اصولوں، تیز رفتار سیکھنے کی حکمتِ عملیوں اور ہمہ گیر تعلیمی ماڈلز کے ذریعے تعلیم کے میدان میں ایک منفرد شناخت قائم کی ہے۔ میموری خان کے زیرِ اہتمام ورکشاپس اور مینٹورشپ پروگرامز نے ہزاروں طلبہ کی توجہ، یادداشت اور مسابقتی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی جدید تعلیم اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کے حسین امتزاج سے معیاری تعلیم فراہم کرنے والا ایک نمایاں تعلیمی ادارہ ہے۔ یہ ادارہ تحقیق اور عملی نتائج پر مبنی تعلیمی نظام کے ذریعے طلبہ کو بہتر انداز میں سیکھنے اور زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔
ایم ایس نرسری سے لے کر ڈگری کالجز تک معیاری تعلیم فراہم کرتا ہے۔ ادارہ تعلیمی برتری کے ساتھ اخلاقی اقدار، شخصیت سازی اور مسابقتی تیاری پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔ حیدرآباد میں قائم اس ادارے کی موجودگی ملک کی سات ریاستوں میں ہے اور یہ 32 ہزار سے زائد طلبہ کو تعلیمی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
اپنے رفقاء و ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائرکٹرس انور احمداور ڈاکٹر معظم حسین کے ساتھ محمد لطیف خان کی رہنمائی میں ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی قیادت سازی، مسابقتی امتحانات کی تیاری، اسکل ڈیولپمنٹ اور جدید تعلیمی طریقوں کو فروغ دے رہی ہے تاکہ طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ، بااعتماد اور کامیاب شہری بنایا جا سکے۔



