جرائم و حادثات

عادل آباد میں رئیل اسٹیٹ تنازعہ خونی رخ اختیار، باپ بیٹا اقدامِ قتل کیس میں گرفتار

عادل آباد میں رئیل اسٹیٹ تنازعہ خونی رخ اختیار، باپ بیٹا اقدامِ قتل کیس میں گرفتار

عادل آباد پولیس کی کارروائی، حملہ میں استعمال شدہ چاقو اور دو موبائل فون ضبط، ملزمین عدالتی ریمانڈ پر روانہ

عادل آباد، 3 مارچ: (اردولیکس) تلنگانہ کے عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے پیر کے روز پیش آئے اقدامِ قتل کے ایک سنسنی خیز معاملہ میں باپ بیٹے کو گرفتار کر لیا۔ ٹو ٹاؤن انسپکٹر کے ناگا راجو نے صحافتی بیان جاری کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ رئیل اسٹیٹ کاروبار میں مالی لین دین اور شراکت داری کے تنازعہ نے خونی رخ اختیار کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم اول عمر خلیل عرف خلیل رمضانی (51) ساکن بکل گوڑہ اور اس کا بیٹا وسیم کوکر عرف محمد وسیم کوکر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

 

متاثرہ شخص پرکاش جیسوال عرف بالو جیسوال (46) ساکن ودیانگر بھی پیشہ سے رئیل اسٹیٹ تاجر ہے اور ماضی میں ملزم عمر خلیل کے ساتھ چند اراضیات کی خریداری میں شراکت دار رہ چکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتدائی طور پر نقصان کے اندیشہ کے تحت متاثرہ نے اپنی رقم واپس لے لی تھی، تاہم اب زمینوں کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد حصہ داری کے دعویٰ پر دونوں فریقین میں شدید اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔

 

پولیس کے مطابق پیر کی شام تقریباً 6 بجے ودیانگر علاقہ میں ملزم عمر خلیل نے اپنے بیٹے کی مبینہ سرپرستی میں متاثرہ پر چاقو سے حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کرنے کی کوشش کی۔ متاثرہ کی شکایت پر Adilabad Two Town Police Station میں مقدمہ درج کیا گیا اور فوری تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

 

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمین کو گرفتار کرلیا اور واردات میں استعمال شدہ چاقو کے علاوہ دو عدد موبائل فون بھی ضبط کرلئے۔ بعد ازاں دونوں کو عدالتی ریمانڈ کے لئے پیش کیا گیا۔

 

انسپکٹر کے ناگا راجو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی تنازعہ یا مسئلہ کی صورت میں قانون کو ہاتھ میں لینے کے بجائے فوری طور پر پولیس سے رجوع کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button