جرائم و حادثات
فریج میں اچانک آگ بھڑک اتھی – دو افراد زندہ جل کر ہلاک – تلنگانہ کے نرمل ٹاون میں حادثہ
تلنگانہ کے نرمل ٹاون میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ مہالکشمی واڑہ کے ایک مکان میں فریج میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے میں وجئے نامی شخص اور ایک خاتون شدید طور پر جھلس گئے، جنہیں فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شارٹ سرکٹ کے باعث فریج میں آگ لگنے کا اندیشہ ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گرمیوں کے موسم میں درجہ حرارت بڑھنے کے سبب فریج زیادہ گرم ہوکر شارٹ سرکٹ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ فریج کے پیچھے ہوا کے گزر کے لئے مناسب جگہ رکھی جائے اور وائرنگ کی باقاعدہ جانچ کی جائے تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔



