عالمی یومِ تھیلیسیمیا، حیدرآباد میں خصوصی بائیک ریلی، خون عطیہ کیمپ منتظمین کی تہنیت

عالمی یومِ تھیلیسیمیا، حیدرآباد میں خصوصی بائیک ریلی، خون عطیہ کیمپ منتظمین کی تہنیت
حیدرآباد(راست)تھیلیسیمیا اینڈ سکلسیل سوسائٹی (TSCS) کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ تھیلیسیمیا 2026 کے موقع پر ایک خصوصی بیداری پروگرام اور رضاکارانہ خون عطیہ کیمپ منتظمین کی تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس سلسلے میں موٹر سائیکل بیداری ریلی نکالی گئی
، جس میں 75 سے زائد بائیک سواروں نے شرکت کی۔ ریلی کا مقصد عوام میں تھیلیسیمیا سے متعلق شعور بیدار کرنا اورتھیلیسیمیا سے پاک مستقبل کے پیغام کو عام کرنا تھا۔ یہ بائیک ریلی ونڈیریرس برادر ہوڈ رائیڈنگ کمیونٹی کے تعاون سے منعقد کی گئی۔
ریلی کا آغاز TSCS بلڈنگ، شیو رام پلی سے ہوا اور شہر کے مختلف اہم علاقوں بشمول بہادر پورہ، معظم جاہی مارکٹ، افضل گنج، پرانی حویلی، میرعالم منڈی، تالاب کٹہ، شاہ علی بنڈہ، چندرائن گٹہ، میلاردیوپلی، آرام گھر روڈسے گزرتے ہوئے دوبارہ TSCS بلڈنگ پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے دوران شرکاء نعروں کے ذریعہ عوام میں تھیلیسیمیا کی روک تھام، بروقت جانچ اور رضاکارانہ خون عطیہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔بعد ازاں تھیلیسیمیا اینڈ سکلسیل سوسائٹی (TSCS) کی جانب سے منی رام رام راتن راتھی آڈیٹوریم، شیو رام پلی میں رضاکارانہ خون عطیہ کیمپ منتظمین کی تہنیتی تقریب منعقد کی گئی،
جس میں خون عطیہ کی مہمات میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد اور تنظیموں کی ستائش کی گئی۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی شیام سندر جی لویا جبکہ مہمانانِ اعزاز کررا سریناتھ، ڈاکٹر چندرکانت اگروال (صدر TSCS)، رتناولی کے، نریش راتھی، منوج روپانی، ڈاکٹر سمن جین اور علیم بیگ موجود تھے۔ مقررین نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی مسلسل نگہداشت اور خون کی فراہمی میں رضاکارانہ اداروں اور نوجوانوں کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا۔تقریب میں خاص طور پر علیم بیگ، جوائنٹ سکریٹری TSCS، کی خدمات کو سراہا گیا جنہوں نے عالمی یومِ تھیلیسیمیا بیداری بائیک ریلی اور خون عطیہ کیمپ منتظمین کی تہنیتی تقریب کے کامیاب انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔



