این آر آئی

ادبی تنظیم “عالمی اردو محور” ریاض کے زیرِ اہتمام محفل مشاعرہ کا انعقاد

ریاض۔ رپورٹ: منصور قاسمی

معیاری ادب کی ترجمان تنظیم “عالمی اردو مِحور ریاض” (عام) کے زیر اہتمام تنظیم کی سرپرست کمیٹی کے رکن انجنئیر سید غفران احمد کی میزبانی میں ایک پروقار محفلِ شعر کا جمعہ کی شام انعقاد عمل میں آیا۔ میزبان ڈیلائٹ ریسٹورنٹ ریاض کے ھال منعقد اس محفل کی صدارت معروف علمی و سماجی شخصیت محمد ضیغم خان نے کی۔

 

مہمانِ خصوصی کی مسند پر معروف شخصیت عبد الاحد صدیقی براجمان رہے جب کہ مہمان اعزازی کی حیثیت سے خوش ذوق ادب نواز ڈاکٹر انور خورشید نے محفل کو رونق بخشی۔ نظامت کے فرائض خوش فکر شاعر سراج عالم زخمی نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ مشاعرے کے میزبان غفران احمد اور “عام” کے ذمہ داران خصوصاً صدر و معروف شاعر افتخار راغبؔ نے بڑے ہی خلوص سے شہرِ ریاض سے منتخب باذوق شخصیات کو سامعین کے طور پر مدعو کر کے مشاعرے کو یادگار بنا دیا۔

 

محفل کا آغاز منصور قاسمی کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ صدرِ محفل، مہمانِ خصوصی، مہمان اعزازی و میزبانِ محترم کو ‘عام’ کے ذمہ داران افتخار راغب، منصور قاسمی، عبدالرحمان راشد اور حسان عارفی کے ہاتھوں گل دستہ پیش کیے گئے۔ افتخار راغبؔ نے استقبالیہ کلمات میں اسٹیج پر تشریف فرما معزز شخصیات کے علاوہ مختلف تنظیموں کے نمائندوں اور محفل میں شریک شعرائے کرام و سامعین کا پرخلوص استقبال کیا

 

اور “عام” کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور تنظیم آئندہ ہونے والے پروگراموں کا مختصر خاکہ بھی پیش کیا۔ محفلِ شعر میں ریاض میں مقیم جن شعرائے کرام نے اپنے منتخب کلام سے سامعین کو محظوظ فرمائے ان میں افتخار راغبؔ، ظفر محمود ظفر، سلیم کاوش، پیر اسد کمال، حسان عارفی، طاہر بلال، سراج عالم زخمی، اوّل سنگرام پوری، منصور قاسمی، سعید اختر آعظمی اور عبد الرحمان راشد عمری شامل تھے۔

 

مہمان اعزازی ڈاکٹر انور خورشید نے کہا اردو صرف زبان نہیں بلکہ ایک تہذیب کا نام ہے ۔ اردو ہماری وراثت ہے اور اس اس کی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے ۔ مہمان خصوصی عبدالاحد صدیقی نے حفیظ جونپوری کے کلام سے اپنی بات کا آغاز کرکے کہا بہت عرصے کے بعد ایک اچھا مشاعرہ سننے کا موقعے ملا، شعراء اور سامعین دونوں ہی قابل مبارکباد ہیں۔ صدرِ محفل محمد ضیغم خان نے کہا کہ آج کی یہ خوبصورت محفل صرف شاعری نہیں بلکہ احساسات و جذبات کی ترجمان ہے ۔ اس کامیاب محفل نے بتا دیا کہ اردو ایک شاندار زبان ہے اس نے دلوں کے فاصلے کو مٹانے میں ہمیشہ اہم کردار نبھایا ہے ۔

 

جامعہ ملیہ اسلامیہ اولڈ بوائز ایسوسی ایشن ریاض کے سابق صدر اور اس محفل کے میزبان انجینئر سید غفران احمد نے شرکت فرمانے والے تمام شعراء و سامعین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاض کے شعراء نے بہترین کلام سنائے ۔ آئندہ ہم بڑے پیمانے پر انشا اللہ مشاعرے کا انعقاد کریں گے اور اردو زبان و ادب کو قائم و دائم رکھنے کے لیے اس سلسلے کو مزید آگے بڑھائیں گے ۔ ہدیہ تشکر پر اس خوبصورت محفل کا اختتام عمل میں آیا۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button