انٹر نیشنل

شری وپل سعودی عرب میں ہندوستان کے نئے سفیر مقرر 

نئی دہلی/ جدہ عبد الرحمن مرزا بیگ

وزارتِ خارجہ، حکومتِ ہند نے شری وپل (آئی ایف ایس: 1998)، جو اس وقت ریاستِ قطر میں ہندوستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، کو مملکتِ سعودی عرب میں ہندوستان کا نیا سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وہ جلد ہی اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ سعودی میں موجودہ سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان ہیں۔  شری وپل ہندوستانی سفارتی خدمات کے ایک تجربہ کار افسر ہیں اور دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط سفارتی تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ اگست 2023 سے قطر میں ہندوستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

 

اپنے دورِ سفارت انہوں نے ہندوستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شری وپل نے 1994 میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (IIT) دہلی سے مکینیکل انجینئرنگ میں گریجویشن کیا۔ بعد ازاں انہوں نے انڈین اسکول آف بزنس (ISB) سے 2008 میں ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے) مکمل کیا۔

 

انھون نے 1998 میں انڈین فارن سروس میں شمولیت کے بعد قاہرہ، کولمبو، جنیوا اور دبئی میں ہندوستانی سفارتی مشنز میں مختلف اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ اپنے سفارتی کیریئر کے دوران وہ سیاسی و تجارتی تعلقات، ترقیاتی تعاون، اسلحہ میں تخفیف، بین الاقوامی سلامتی اور میڈیا امور جیسے اہم شعبوں سے وابستہ رہے۔

 

وہ وزارتِ خارجہ، نئی دہلی میں وہ 2014 سے 2017 تک وزیرِ خارجہ کے دفتر میں ڈائریکٹر اور بعد ازاں جوائنٹ سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ اس کے بعد 2017 سے 2020 تک دبئی میں ہندوستان کے قونصل جنرل مقرر رہے، جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہندوستانی برادری کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔

 

شری وپل 2020 سے 2023 کے دوران وزارتِ خارجہ میں جوائنٹ سیکریٹری (خلیجی امور) کے منصب پر فائز رہے اور خلیجی ممالک کے ساتھ ہندوستان کے سفارتی تعلقات کی نگرانی کرتے رہے۔ خلیجی خطے سے متعلق ان کا وسیع تجربہ سعودی عرب میں ان کی نئی ذمہ داریوں میں یقینی طور پر معاون ثابت ہوگا۔

 

قطر میں اپنے دورِ سفارت کے دوران شری وپل نے تجارت، توانائی، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے ہمیشہ اعلیٰ سطحی روابط اور اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ہندوستان اور قطر کے تعلقات مزید مضبوط ہو سکیں۔

 

ان کی سعودی عرب میں بطور سفیر تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، دفاعی تعاون اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری مسلسل فروغ پا رہی ہے۔

 

سفارتی مبصرین کے مطابق شری وپل کی تقرری دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور بڑھتے ہوئے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے ہندوستان کے عزم کی عکاس ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button