تلنگانہ کے ان 18اضلاع میں آج اور کل طوفانی بارش

تلنگانہ میں موسلادھار بارش کا الرٹ، کئی اضلاع کے لیے اورنج وارننگ جاری
محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے لیے اہم انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چہارشنبہ اور جمعرات کو ریاست کے کئی اضلاع میں درمیانی سے شدید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق شمالی، مشرقی اور جنوبی تلنگانہ کے اضلاع بارش سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے عادل آباد، کُمُرم بھیم آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، جگتیال، راجنہ سرسلہ، کریم نگر، پداپلی، جئے شنکر بھوپال پلی، ملوگو، بھدرادری کوتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، محبوب آباد، ورنگل اور ہنمکنڈہ اضلاع میں بعض مقامات پر طوفانی بارش کے پیش نظر اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے ساتھ گرج چمک، آسمانی بجلی اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ دوسری جانب طویل انتظار کے بعد جنوب مغربی مانسون کے آئندہ 24 گھنٹوں میں کیرالا اور تمل ناڈو کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کی توقع ہے، جس کے اثرات تلنگانہ میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔
منگل کے روز کھمم اور بھدرادری کوتہ گوڑم سمیت کئی اضلاع میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ نے کسانوں اور عوام سے احتیاط برتنے اور موسم سے متعلق تازہ ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔




