تلنگانہ

برسرِ خدمت اساتذہ کے لیے خصوصی TET امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ قابلِ ستائش: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

 

حیدرآباد، 3 جون (پریس ریلیز):تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، فکری بیداری اور تہذیبی استحکام کی بنیاد ہوتی ہے۔ اساتذہ تعلیمی نظام کے وہ معمار ہیں جو نئی نسلوں کی شخصیت سازی اور قوم کے روشن مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، ان کی ترقی کے مواقع کی فراہمی اور ان کے جائز مطالبات کی تکمیل دراصل تعلیمی معیار کو بلند کرنے کی جانب ایک مؤثر قدم ہوتا ہے۔

 

چیئرمین لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (LDO)، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے حکومتِ تلنگانہ کی جانب سے برسرِ خدمت اساتذہ کے لیے سالانہ معمول کے دو TET امتحانات کے علاوہ دو خصوصی تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچر ایلیجیبلٹی ٹیسٹ (TET) منعقد کرنے کی منظوری کا پُرتپاک خیر مقدم کیا ہے۔

 

انہوں نے اس اہم اور دور اندیش فیصلے پر حکومتِ تلنگانہ، محکمہ تعلیم، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن، متعلقہ حکام، اساتذہ حلقۂ انتخاب کے معزز رکن قانون ساز کونسل (MLC) جناب پنگلی سرپل ریڈی اور اس مطالبہ کی مؤثر نمائندگی کرنے والی مختلف اساتذہ تنظیموں بشمول پروگریسیو ریکگنائزڈ ٹیچرز یونین، اسٹیٹ ٹیچرز یونین تلنگانہ (STUTS) اور تلنگانہ راشٹرا ٹیچرز فیڈریشن (TRTF) کا دلی اظہارِ تشکر کیا۔

 

مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ یہ فیصلہ ہزاروں برسرِ خدمت اساتذہ کے لیے امید، حوصلے اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے امکانات روشن کرے گا۔ خصوصی TET امتحانات کے انعقاد سے اساتذہ کو اپنی تدریسی صلاحیتوں کے اظہار، ترقی کے بہتر مواقع حاصل کرنے اور تعلیمی میدان میں مزید مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ تلنگانہ کا یہ اقدام اساتذہ دوست پالیسیوں، تعلیمی اصلاحات اور معیاری تعلیم کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے۔ ایسے مثبت فیصلے نہ صرف اساتذہ برادری کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ ریاست کے تعلیمی نظام کو بھی مزید مستحکم اور مؤثر بناتے ہیں۔

 

آخر میں مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے امید ظاہر کی کہ حکومت مستقبل میں بھی اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کے لیے اسی جذبۂ خیر خواہی اور سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کرتی رہے گی تاکہ ریاست تلنگانہ تعلیمی میدان میں مزید نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button